میاں بیوی کے جھگڑے میں پڑوسی کی مداخلت ، معاملہ تھانے تک پہنچا تو دونوں گروپوں نے پولیس سٹیشن کو بھی اکھاڑہ بنا دیا
ہالا(ڈیلی پاکستان آن لائن)نیوسعیدآباد کے نواحی گاوں میں گھریلوتکرار پہ حاجانہ برادری کے میاں بیوی کے جھگڑے میں پڑوسی کی مداخلت پرخونریزی جھگڑا تھانے تک پہنچ گیا۔ تھانے میں پولیس کی موجودگی میں حاجانہ برادری کے دونوں گروپوں نےایک دوسرےپرڈنڈوں ،لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی،لاٹھیاں چلنے سے 10 سے زائد افرادزخمی، 15 افرادکو پولیس نے حوالات میں بندکردیا۔
نیوسعیدآباد کےنواحی باگوحاجانوگاں میں گھریلوتکرار پہ میاں بیوی کےجھگڑے میں پڑوسی محبوب حاجانہ کی مداخلت پرشوہر علی جان سےجھگڑا ہوگیااورمعاملہ مقامی تھانے تک پہنچ گیا ،پولیس سٹیشن میں حاجانہ برادری کے مردوخواتین نے پولیس کی موجودگی میں ایک دوسرے کو گالم گلوچ کرتے ہوئے لاتوں اور گھونسوں کی بارش کرکے لاٹھیاں چلادیں،جس میں مردوخواتین سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے حاجانہ برادری کے دونوں گروپوں کے 15 افرادکو گرفتارکرکے حوالات میں بند کردیا ۔ پولیس کے مطابق خواتین کو گرفتار نہیں کیا جبکہ تاحال مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا ۔دوسری طرف دونوں گروپوں کے معززین معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں ۔