اشیائے خورونوش پر مشتمل 70 مال بردار گاڑیوں کا چوتھا قافلہ کرم پہنچ گیا
پارا چنار (ڈیلی پاکستان آن لائن )اشیائے خورونوش، ادویات لے کر 70 گاڑیوں کا قافلہ ضلع کرم پہنچ گیا۔
نجی ٹی وی "جیونیوز" کے مطابق سبزی،پھل، ادویات،چینی،آٹا،گھی سمیت دیگر خوردنی اور روزمرہ استعمال کی اشیاءلے کر 70گاڑیاں پاراچنار پہنچیں۔
ایک روز کے وقفے کے بعد دوسرا قافلہ پہنچنے کے بعد اشیاءکے نرخوں میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ شہریوں کا کہنا کہ پیٹرول ڈیزل کی سپلائی بحال نہیں ہوئی جس کے باعث شہری اپنے اپنے علاقوں میں محصور ہیں اور مریضوں کو ہسپتال تک پہنچانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر افراسیاب زبیر ہندل کا کہنا ہے کہ راستے کھولنے سمیت امن معاہدے کی تمام شقوں پر عمل کرنے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔
مشیرِ صحت احتشام علی کے مطابق زمینی رابطہ بحال ہونے تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے ادویات بھیجی جائیں گی۔
دوسری جانب کرم میں آج سے بنکرز گرانے کا کام دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ امن معاہدے کے دستخط کنندگان اور امن کمیٹیوں کے اراکین کے ساتھ جرگہ بھی3 روز میں متوقع ہے جس میں اسلحہ جمع کرنے کے طریقہ کار کے معاملات طے کیے جائیں گے۔