امریکی خاتون نے سالوں بعد چین میں اپنے گمشدہ دوست کو دوبارہ ڈھونڈ لیا، لیکن یہ سب کیسے ممکن ہوا؟
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک امریکی خاتون نے سات سال بعد چین میں اپنے گمشدہ دوست سے دوبارہ رابطہ قائم کر لیا، اور یہ سب سوشل میڈیا کی بدولت ممکن ہوا۔
امریکہ سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ سیلیا نے ٹک ٹاک کے متبادل کے طور پر مقبول ہونے والی چینی سوشل میڈیا ایپ "ریڈ نوٹ" کا سہارا لیا اور چینی کمیونٹی سے اپنے پرانے ہم جماعت سائمن کو ڈھونڈنے میں مدد کی اپیل کی۔ اپنی جذباتی ویڈیو میں سیلیا نے بتایا کہ وہ 2017-2018 میں آئیووا کے ایک نجی کیتھولک سکول میں زیر تعلیم تھیں، جہاں ان کی دوستی سائمن سے ہوئی۔ لیکن جب وہ واپس چین چلا گیا تو ان کا رابطہ ختم ہو گیا۔
چینی کمیونٹی نے ان کی مدد کے لیے بھرپور تعاون کیا۔ سیلیا نے سائمن کی ایک پرانی تصویر شیئر کی جسے کسی نے پہچان لیا۔ انہوں نے سائمن کو اطلاع دی اور چند گھنٹوں کے اندر ہی ایک آن لائن صارف نے سیلیا کی ویڈیو کے نیچے کمنٹ کیا کہ وہ سائمن ہیں۔ سائمن نے لکھا "میں سائمن ہوں۔ میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ میں اپنی پرانی دوست سے اس طرح دوبارہ جڑ سکوں گا۔ ریڈ نوٹ کے تمام صارفین کا بہت شکریہ جنہوں نے مدد کی۔"
بعد میں سائمن نے ایک ویڈیو پوسٹ کی اور اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں دوست ہر اس شخص کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی مدد کی اور ان کی کہانی پر توجہ دی۔ "ہم نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ہم ریڈ نوٹ کے ذریعے دوبارہ جڑ جائیں گے۔ میں بے حد مشکور ہوں۔"
ریڈ نوٹ، جو چین میں ژیاوہونگ شو (Xiaohongshu) کے نام سے مشہور ہے، امریکہ میں ٹک ٹاک پابندی کے بعد ایپل ایپ اسٹور کی سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ بن گئی۔