فاکس نیوز کے سابق اینکر امریکا کے وزیر دفاع کیسے بنے؟

فاکس نیوز کے سابق اینکر امریکا کے وزیر دفاع کیسے بنے؟
فاکس نیوز کے سابق اینکر امریکا کے وزیر دفاع کیسے بنے؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن )فاکس نیوز کے سابق اینکر امریکا کے وزیر دفاع بن گئے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹی وی میزبان پیٹ ہیگستھ امریکی وزیر دفاع بن گئے، امریکی سینیٹ نے رات دیر گئے پیٹ ہیگستھ کی بطور وزیر دفاع توثیق کر دی۔
امریکی سینیٹ میں ووٹنگ ہوئی، جس میں پیٹ ہیگستھ کی حمایت اور مخالفت میں 50،50 ووٹ ڈالے گئے، آخر میں نائب صدر وینس کا ووٹ فیصلہ کن ثابت ہوا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیٹ ہیگستھ کو سینیٹ سے منظوری ملنے کے بعد انھیں مبارک باد دی۔
پیٹ ہیگستھ سابق امریکی فوجی بھی رہ چکے ہیں، انھوں نے عراق، افغانستان اور گوانتانامو بے میں انفنٹری افسر کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔ وہ بدانتظامی کے الزامات کا سامنا کر رہے تھے، جس کی وجہ سے ان کی تصدیق ہونے کے بارے میں خدشات لاحق تھے اور نائب صدر جے ڈی وینس کے ’ٹائی بریکنگ‘ ووٹ سے وہ بچ گئے۔
تین ریپبلکن سینیٹرز جن میں سابق سینیٹ اکثریتی رہنما مچ میک کونل بھی شامل تھے، نے ان کے خلاف ووٹ دیا۔ ہیگستھ کو تصدیق کی سماعت کے دوران جنسی زیادتی کے الزام کے بارے میں متعدد سوالات کا سامنا کرنا پڑا، جس کی انھوں نے تردید کی، انھیں بے وفائی اور شراب نوشی کے الزامات کا بھی سامنا رہا۔
واضح رہے کہ ووٹنگ کے دوران 50 ریپبلکنز نے ہیگستھ کی حمایت کی، جبکہ ڈیموکریٹک کاکس کے تمام 47 اراکین نے ان کی نامزدگی کی مخالفت کی، تاہم جب 3 ریپبلکن سینیٹرز(کینٹکی کے مچ میک کونل، الاسکا کی لیزا مرکووسکی اور مین کی سوسن کولنز) نے ہیگستھ کے خلاف ووٹ دیا تو معاملہ ٹائی ہو گیا تھا۔
یوں سابق جنگی اہلکار اور ایک بار فاکس نیوز ٹیلی ویژن کے میزبان تقریباً 30 لاکھ ملازمین اور 849 ارب ڈالر کے بجٹ کی نگرانی کریں گے۔