گرل فرینڈ کے ساتھ شفٹ ہونے کی خواہش رکھنے والے نوجوان کو دوست نے قتل کر دیا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) دو سو 30 ملین پاؤنڈ کے وارث ڈیلن تھامس نے اپنے دوست ولیم کو اس بات پر قتل کردیا کہ وہ اسے چھوڑ کر اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ شفٹ ہونا چاہتا تھا۔
ڈیلی سٹار کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 24 دسمبر 2023 کی صبح کارڈف کے علاقے لینڈاف میں پیش آیا۔ 23 سالہ ولیم بش کو 37 بار چاقو کے وار کرکے قتل کیا گیا جن میں سے 16 وار ان کی گردن پر کیے گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر ڈیلن تھامس کو بھی پایا جس کے ہاتھ پر چاقو کے کٹ کے نشانات تھے۔
پراسیکیوٹر گریگ بل نے عدالت کو بتایا کہ ڈیلن تھامس نے باورچی خانے سے بڑے چاقو اور ایک فلیک نائف اٹھایا اور دو منزلوں کی سیڑھیاں چڑھ کر ولیم بش کے کمرے میں داخل ہوا۔ اس نے ولیم پر اس وقت حملہ کیا جب وہ ایک بین بیگ کے قریب کھڑا یا بیٹھا ہوا تھا۔کارڈف کراؤن کورٹ نے نومبر 2023 میں تھامس کو قتل کا مجرم قرار دیا تھا اور اب اسے کم از کم 19 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
ڈیلن تھامس اس وقت لیورپول کے شورتھ ہسپتال میں زیر علاج ہے جہاں اسے شیزوفرینیا سمیت کئی ذہنی امراض کا سامنا ہے۔ عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کے دوران تھامس نے جذبات کا کوئی اظہار نہیں کیا اور جب اسے سزا سنائی جا رہی تھی تو اس نے کوئی رد عمل نہیں دکھایا۔ جج کیرن سٹین نے قتل کو "شدید اور وحشیانہ چاقو حملہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ولیم بش ایک "وفادار اور قریبی دوست" تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ تھامس کا رویہ ولیم کے ساتھ اس وقت سے بدلنا شروع ہوا جب ولیم کی اپنی گرل فرینڈ ایلا کے ساتھ محبت میں اضافہ ہوا۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ اکتوبر 2023 میں ولیم نے ایلا کو بتایا کہ تھامس نے ایک مرتبہ کہا "میں نے سوچا یا اندازہ لگایا کہ میں تمہیں قتل کر دوں۔" ولیم نے اس بات کو سنجیدگی سے لیا اور اس رات اپنے کمرے کا دروازہ بند کر دیا تاکہ تھامس اندر داخل نہ ہو سکے۔
ڈیلن تھامس مشہور پائی کمپنی "پیٹرز پائیز" کے بانی اور کروڑ پتی سر اسٹینلے تھامس کا پوتا ہے ۔ جب سزا سنائی گئی تو سر اسٹینلے تھامس بھی عدالت میں موجود تھے ۔