متشدد انتہا پسندوں کیخلاف توانا آواز، امریکی فوج کا جریدہ آرمی چیف کی صلاحیتوں کا معترف

  متشدد انتہا پسندوں کیخلاف توانا آواز، امریکی فوج کا جریدہ آرمی چیف کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) امریکی سینٹرل کمانڈ کے جریدے نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو متشدد انتہا پسندوں کیخلاف توانا آواز قراردیتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے جریدے یونی پاتھ میں جنرل سید عاصم منیر کو بطور آرمی چیف شاندار الفاظ میں خراج تحسین کیا گیا جبکہ مضمون میں انکی پیشہ ورانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔سینٹ کام جریدے کے مطابق جنرل عاصم منیر کو ایسے لیڈر کے طور پر یاد کیا جائیگا جن کا اولین عزم پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی ہے۔ مضمون میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت، فوجی پس منظر، انسداد دہشتگردی کیخلاف کوششوں کو اجاگر کرنے سمیت آ ر می چیف کا دہشتگردی کے بارے میں موقف، ففتھ جنریشن وار فیئر، غیرملکی جارحیت کے جواب دینے کی صلاحیت اور سماجی و اقتصادی اقدامات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ آرٹیکل میں لکھا گیا جنرل عاصم منیر نومبر 2022میں کمان سنبھالنے کے بعد سے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں، جریدے نے ان کی انسداد دہشتگردی کے حوالے سے کو ششو ں کو سراہتے ہوئے لکھا ان کی قیادت میں شدت پسند گروپوں (فتنہ الخوارج)کیخلاف وسیع فوجی آپریشن ہوئے ہیں جن میں 22,409انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز شامل ہیں جس کے نتیجے میں 398دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا، عاصم منیر نے واضح کیا دہشتگردوں کو ریاستی رٹ کے سامنے سرتسلیم خم کرنا ہوگا جبکہ پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کیلئے ہر قسم کے دہشتگردوں کا نیٹ ورک ختم کریگا۔جریدے میں لکھا گیا آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور گرین پاکستان انیشیٹو جیسے اقدامات کیساتھ تعاون کرتے ہوئے ملازمتیں پیدا کرنے اور معاشی ترقی کی حمایت کی ہے۔ جریدے نے آرمی چیف کے اقلیتوں کے تحفظ اور سماجی اقدامات کے بارے میں ان کی تعر یف کرتے ہوئے لکھاجنرل عاصم منیر مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عدم برداشت کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں،جریدے نے ان کی ملٹری ڈپلومیسی کوبھی سراہتے ہوئے لکھا جنرل عاصم منیر کے دور میں امریکہ جیسے ممالک کیساتھ فوجی اور سفارتی تعلقات کی مضبوطی اور مختلف ممالک کیساتھ مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لینا قابل تعریف اقدامات ہیں،پاکستان کیخلاف غیرملکی جارحیت کے حوالے سے جریدے نے لکھاکہ ایران کی طرف سے میزائل حملوں کے بعد، پاکستان نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہو ئے ایران میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کامیابی کیساتھ نشانہ بنایا۔ جریدے نے آرمی چیف کے مستقبل کے وژن کے بارے میں بھی انکی تعریف کی اورلکھا جنرل عاصم منیر کا مقصد پاکستان کی اندرونی چیلنجوں سے نمٹنااور مسلح افواج اور قوم میں پیشہ ورانہ مہارت، ربط باہمی اور اتحاد کو فروغ دینا ہے۔ جنرل عاصم منیرکی قیا د ت میں پاک فوج نے ناگہانی آفات سے نمٹنے اور انتخابات کے دوران نظم و نسق برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔سینٹ کام  جریدے میں شائع ہونیوالے مذکورہ بالا مضمون کے حوالے سے دفاعی ماہرین نے کہا کسی بھی ملک کے آرمی چیف کے بارے میں لکھا جانیوالا مضمون ایک غیر معمولی اشاعت ہے، اس کا ایک ایک لفظ حقیقت پرمبنی ہے اور اس میں کوئی مبا لغہ آرائی نہیں کی گئی۔ کوئی شک نہیں جنرل عاصم منیر نے دہشتگردی کوجڑ سے اکھاڑنے کیلئے اقدامات، قوم کو یکجا کرنے اور ملک کی معاشی صورتحال کو بہتربنانے میں اپنا کردار ادا کیا، سینٹ کام جریدے میں کسی ملک کی فوج یا اس کے سربراہ کی تعریف کی جانا معنی رکھتا ہے کیونکہ یہ جریدہ اپنا ایک مقام کا حامل ہے۔ یونی پاتھ ایک پیشہ ور فوجی جریدہ ہے جو مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے خطے میں فوجی اہلکاروں کیلئے ایک بین الاقوامی فورم کے طور پر ریاستہائے متحدہ کی مرکزی کمان سینٹ کام کے زیرنگرانی شائع کیا جاتاہے، سینٹ کام جریدے، یونی پاتھ میں شائع ہونیوالے مضامین خالصتا َنوعیت کے ہوتے ہیں اور ان کی اہمیت تسلیم شدہ ہے۔

امریکی جریدہ 

مزید :

صفحہ اول -