شادی ہالوں میں مہمانوں کے پرس چوری کرانے والا ملزم گرفتار

     شادی ہالوں میں مہمانوں کے پرس چوری کرانے والا ملزم گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شارع نور جہاں پولیس نے بیوی اور بیٹیوں کے ذریعے شادی ہالوں میں منعقدہ تقریبات میں مہمانوں کے پرس چوری کرانے والے ملزم کو گرفتار کر کے بیوی اور بیٹیوں کو حراست میں لے لیا، پولیس نے ملزم کے قبضے و نشاندہی پر چوری کیے گئے پرس اور شادی میں دیے جانے والے لفافے بھی برآمد کر لیے۔اس حوالے سے ایس ایچ او شارع نور جہاں عابد شاہ نے بتایا کہ نارتھ ناظم آباد کے شادی ہالوں میں آنے والے مہمانوں کے پرس چوری ہونے کی شکایات مل رہی تھیں جس پر پولیس نے ان شادی ہالوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پرس چوری کرنے والے شخص کا سراغ لگا کر ملزم راشد غنی کو گرفتار کرلیا۔عابد شاہ نے بتایا کہ پرس چوری کی وارداتوں میں ملزم کی بیوی بھی شریک ہے پولیس نے ملزم کی بیوی، نوعمر و کمسن بیٹیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔گرفتار ملزم ناظم آباد 4 نمبر کا رہائشی ہے جو موٹر سائیکل پر بیوی کے ہمراہ بن بلائے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے تیار کر کے لاتا تھا اور خود باہر ہی موجود رہتا اور بیوی اور بیٹیاں شادی ہال میں آئے ہوئے مہمانوں میں شامل ہوجاتیں اور بیٹیاں موقع پا کر کرسیوں اور میزوں پر رکھے گئے خواتین کے پرس ان کا دھیان ہٹتے ہی اٹھا کر باہر لیجا کر اپنے والد کے حوالے کر دیتی تھیں، شادی کی تقریب میں پرس چوری کرنے کا مین ٹارگٹ وہ پرس ہوتا تھا جس میں شادی میں دی جانے والی سلامی کے لفافے رکھے جاتے تھے، ایک شادی ہال میں واردات کے بعد ملزم کچھ فاصلے پر دوسرے شادی ہال میں واردات کے لیے چلا جاتا تھا۔ملزم راشد غنی کا کہنا ہے کہ وہ درزی اور الیکٹریشن کا کام جانتا ہے لیکن کام نہ ملنے کی وجہ سے وہ اس کام میں پڑ گیا جبکہ چوری کیے جانے والے خواتین کے پرس میں موبائل فون، نقدی اور جیولری سمیت دیگر سامان بھی موجود ہوتا تھا۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔