نئی دہلی : بارش کا 88 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، نظام زندگی درہم برہم

نئی دہلی : بارش کا 88 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، نظام زندگی درہم برہم
نئی دہلی : بارش کا 88 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، نظام زندگی درہم برہم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں مسلسل بارش نے 88 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، بارش کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگئی، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ کئی پروازیں منسوخ ہوگئیں۔ 
انڈین میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 228.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو دارالحکومت میں جون کے مہینے میں ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ بارش میں سے ایک ہے۔نئی دہلی میں 24 گھنٹوں میں اب تک کی سب سے زیادہ بارش 28 جون 1936 کو 235.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ 1936 میں جون کے مہینے میں 235 ملی میٹر بارش ہوئی تھی اور اب جون کے ایک دن میں 228 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔نئی دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹے کی بارش نے شہر کی سٹرکوں کو ندی نالیوں میں تبدیل کردیا ہے، گاڑیاں ، ٹرک سڑکوں پر پانی کے باعث پھنس گئے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں شدید بارش کے باعث جمعہ کی صبح ایئرپورٹ کی چھت کا ایک حصہ گرگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ2 افراد زخمی ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
بھارتی سول ایوی ایشن کے مطابق نئی دہلی ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون کی چھت موسلا دھار بارش کے باعث گری جس کے بعد متاثرہ ٹرمینل سے فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا ہے اور اس کی بحالی کیلئے متبادل انتظامات کئے جارہے ہیں۔ایوی ایشن حکام کے مطابق حادثے کے بعد ٹرمینل ون پر 16 پروازوں کی روانگی اور 12 کی آمد تھی جسے منسوخ کردیا گیا ہے۔یاد رہے کہ بھارتی دارالحکومت گزشتہ چند ماہ سے شدید گرمی اور ہیٹ سٹروک کی لپیٹ میں ہے اور گرمی کے باعث نئی دہلی میں بہت سی اموات بھی ہوئی ہیں۔