جیف بیزوس اور لارین سانچیز کی شاہانہ شادی، 500 ملین ڈالر کی لگژری یاٹ اور وینس کے مہنگے ہوٹلز میں تقریبات ہوں گی

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایمازون کے بانی جیف بیزوس اور لارین سانچیز کی شادی وینس میں ہونے جا رہی ہے، جہاں یہ جوڑا دنیا کی سب سے بڑی مستول والی یاٹ "کورو" پر شادی کے بندھن میں بندھے گا۔ ڈیلی میل کے مطابق یہ شاندار یاٹ 500 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار کی گئی ہے اور یہ تقریب جون میں منعقد ہوگی، جس میں ہالی ووڈ، کاروباری دنیا اور سیاسی شخصیات شرکت کریں گی۔
جیف بیزوس اور لارین سانچیز نے 2019 میں اپنے تعلقات کو باضابطہ طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا تھا جبکہ مئی 2023 میں بیزوس نے لارین کو اسی یاٹ پر شادی کی پیشکش کی تھی، جہاں وہ اب شادی کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق شادی کے دوران یہ جوڑا یاٹ کو وینس میں بطور واٹر ٹیکسی استعمال کرے گا کیونکہ 415 فٹ لمبی یہ یاٹ گرینڈ کینال میں رکاوٹ پیدا کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ تقریب کے لیے وینس کے مہنگے ترین ہوٹلز "دی گریٹی پیلس" اور "آمن وینس" کو چار روزہ تقریبات کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
اس پرتعیش شادی میں کئی ارب پتی شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے، جن میں مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس بھی شامل ہیں۔ ہالی ووڈ سے لیونارڈو ڈی کیپریو، ایوا لونگوریا، کیٹی پیری اور اورلینڈو بلوم مہمانوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایوانکا ٹرمپ، کم کارڈیشین، کرس جینر، اوپرا ونفری، گیل کنگ اور گلوکارہ جیول بھی ممکنہ طور پر شادی میں شرکت کریں گی۔
جیف بیزوس نے 1993 میں میکنزی سکاٹ سے شادی کی تھی، جن سے ان کے چار بچے ہیں، جن میں تین بیٹے اور ایک گود لی ہوئی بیٹی شامل ہے۔ تاہم یہ شادی 2019 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔