خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں جانوروں کا بیوپاری کانگو وائرس سے جاں بحق
خیبر (ڈیلی پاکستان آن لائن )خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں جانوروں کا ایک ڈیلر کانگو وائرس سے انتقال کرگیا۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق 22 سالہ نوجوان کو گزشتہ ہفتے پی ایچ آر ایل میں کانگو کی بیماری تشخیص ہوئی تھی۔ ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ جانوروں کا بیوپاری مویشیوں کے کاروبار کے لئے صوبہ پنجاب گیا اور واپسی پر اسے بخار ہو گیا، پہلے اس کا آبائی شہر چارسدہ میں علاج کیا گیا لیکن بعد میں اسے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں اس کا سی سی ایچ ایف کا ٹیسٹ مثبت آیا اور اس کے بعد اس کی موت ہو گئی۔ڈاکٹر کے مطابق 22 سالہ نوجوان کی ہلاکت خطرے کی گھنٹی ہے کیونکہ عیدالاضحیٰ میں ابھی کچھ وقت باقی اور اس سے پہلے ہی ایک موت واقع ہوچکی ہے۔ڈاکٹرنے خدشہ ظاہر کیا کہ جون اور جولائی میں کانگو وائرس کے کیسز رپورٹ ہوسکتے ہیں۔