محکمہ مال کے تعاون سے ایک ہزار سے زائد مالیت کے الیکٹرانک اشٹامپ پیپرز کا اجرا ء شروع
لاہور(خبرنگار) چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ محکمہ مال کے تعاون سے پی آئی ٹی بی کے تیار کردہ سافٹ ویئر کے ذریعے پنجاب سے ایک ہزار سے زائد مالیت کے الیکٹرانک اشٹامپ پیپر کا اجرا ء شروع ہو گیاجس کا آغاز گوجرانوالہ ڈویژن سے کیا گیا ہے۔ پہلے فیز میں گوجرانوالہ ڈویژن کے تما م اضلاع سے ای۔سٹامپ پیپر اب ٹریژری دفتر کی بجائے پنجاب بینک سے مل رہے ہیں۔ آج ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ جلد ہی لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں رائج ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 26مئی کو پہلا ای۔سٹامپ پیپر گوجرانوالہ سے جاری ہوا، جبکہ دو دن پہلے سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاء الدین میں بھی یہ سروس شروع ہو گئی ہے۔ ان اضلاع میں اب تک مجموعی طور پر 16ہزار سے زائد ای۔اشٹامپ پیپرفروخت ہوئے ہیں جن سے پنجاب حکومت کو38کروڑ روپے سے زائد کی آمدن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک اسٹامپ پیپر سے نہ صرف عوام کو فوری اور شفاف سہولت مل رہی ہے بلکہ جائداد کے لین دین اور رجسٹری میں فراڈ اور دھوکہ دہی کا بھی سدباب ہو گیا ہے۔
اور جعلی اشٹامپ پیپرز کی مد میں حکومت کو پہنچنے والے نقصان کا بھی خاتمہ ہو گیا ہے۔انہوں نے ای۔سٹیمپنگ کی ٹیم اور سربراہ ڈی جی ای گورننس ساجد لطیف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ صحیح معنوں میں عوام کی خدمت ہے کیونکہ قبل ازیں جس کام میں کئی دن لگ جاتے تھے اب وہ چند منٹ میں ہو جاتا ہے۔