مراد علی شاہ حلف اٹھانے کے بعد سب سے پہلے رینجرز کو اختیارات دیں :خرم شیر زمان
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے رہنما اور وزرارت اعلیٰ کے ناکام امید وار خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ مراد علی شاہ وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد سب سے پہلے رینجرز کو اختیارات دیں تاکہ صوبے میں امن و امان کو موثر انداز سے قائم کیا جا سکے ۔ان کا کہنا تھاکہ اللہ نے وزیر اعلیٰ کی سیٹ کے لیے مقابلے کی ہمت دی ،جانتا تھا کہ اپوزیشن ساتھ نہیں دے گی اور تین ووٹ ہی حاصل کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کو تحریک انصاف کی طرف سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کے لیے دعا گو ہوں کہ وہ صوبے اور شہر کی خدمت کریں ۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ حلف اٹھانے کے بعد سب سے پہلے رینجرز کو پورے سندھ میں اختیارات دیں ،اگر ملزم کراچی میں جرم کر کے لاڑکانہ بھاگ جائے تو اسے پکڑنے کے لیے رینجرز کو اجازت دی جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ تو تھ جس کی وجہ سے اتنی بڑی تبدیلی آئی ہے ،آٹھ سال بعد کسی دوسرے شخص کو صوبے کا بیڑا اٹھانے کا موقع دیا گیا ۔خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ میں تعلیم ،صحت ، پانی کی قلت ،اداروں میں کرپشن اور امن و امان کی خراب صورتحال جیسے مسائل ہیں ،ان سارے معاملات پر مراد علی شاہ کو توجہ دینی ہو گی ۔