ڈونلڈ ٹرمپ نے برکس ممالک کو خبر دار کردیا
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کے گروپ برکس کو تنبیہ کرتے ہوئے تنظیم کے ممالک کو امریکی ڈالر کی متبادل کرنسی لانے پر خبردار کر دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ برکس ممالک نہ تو اپنی کرنسی لائیں نہ ڈالر کےمتبادل کسی کرنسی کی حمایت کریں، برکس ممالک نے ڈالر کے متبادل کرنسی کی حمایت کی تو ان پر 100فیصد ٹیکس لگائیں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ڈالر کے متبادل کرنسی کی حمایت کرنیوالے برکس ممالک کو امریکی معیشت میں جگہ نہیں ملے گی، عالمی معیشت میں امریکی ڈالر کے متبادل کا کوئی امکان نہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق برکس ممالک کا عالمی منڈیوں اور گروپ ممالک کے درمیان ڈالر کے بجائے اپنی کرنسی میں تجارت کا منصوبہ زیر غور ہے، برکس برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقا پر مشتمل گروپ ہے۔
رواں برس برکس میں متحدہ عرب امارات، ایران، مصر اور ایتھوپیا نے بھی شمولیت اختیار کرلی ہے۔