سمندری طوفان کے دوران بھارت میں طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں سمندری طوفان فینگل کے دوران ایک طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، پائلٹ کی مہارت اور حاضر دماغی کام آگئی۔
آج نیوز کے مطابق چنئی (مدراس) ایئر پورٹ پر سمندری طوفان فینگل کے باعث تیز ہوائیں چل رہی تھیں۔ تیز ہواؤں اور بارش کے دوران طیارے کو لینڈ کرانے کی کوشش کی گئی۔ تیز ہواؤں کے باعث جہاز کا رُخ تبدیل ہوگیا۔
رُخ تبدیل ہونے سے طیارے کا توازن بگڑ گیا اور وہ ایک طرف جھک گیا۔ پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو دوبارہ فضا میں بلند کرلیا۔
سمندری طوفان فینگل کے دوران پانڈیچیری میں موسلا دھار بارش سے تیس سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ چنئی اور پانڈیچیری میں بیشتر علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی۔ ساحلی علاقوں سے ہزاروں افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔