بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے سر جیکل سٹرائیک ک ویڈیوفوٹیج دکھانے کے سوال پر ’’بس تھوڑا انتظار ‘‘ کا ’’لالی پاپ‘‘دے دیا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں سرجیکل سٹرائیک کے دعوؤں کی قلعی کھلتی جارہی ہے ،عالمی سطح پر مودی حکومت کی ہونے والی بدنامی اور سبکی بھی ہندوستانی حکمرانوں پر اثر نہیں کر رہی اور وہ اپنے جھوٹے دعوے کو سچ ثابت کرنے کے لئے بضد ہیں مگر کوئی ثبوت دینے کو تیار نہیں ،بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ایک مرتبہ پھر ہندوستانی میڈیا کو سرجیکل سٹرائیک کی ویڈیوفوٹیج دکھانے کے سوال پر ’’بس تھوڑا انتظار ‘‘ کا ’’لالی پاپ‘‘دے دیا ۔
بھارتی نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق ’’سمارٹ ٹوائلٹ ‘‘ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ انڈین فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول پار کر کے دہشت گردوں کے لانچنگ پیڈ کو تباہ کرنا قابل تعریف ہے ،جس طرح ہماری فوج نے سرجیکل سٹرائیک کو سرانجام دیا ،اس پر پورا ملک فخر محسوس کر رہا ہے اور پوری دنیا میں بھارتی فوج کی صلاحیت اور طاقت پر بحث ہو رہی ہے ۔میڈیا کے اس سوال پر کہ پاکستان کی طرف سے اس آپریشن پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور ابھی تک مودی حکومت نے اس سرجیکل سٹرائیک کی فوٹیج بھی جاری نہیں کی پر راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ بس ’’ویٹ اینڈ واچ‘‘۔