بنگلہ دیشی فاسٹ بولر تسکین احمد نے محمد عامر کا 4سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا
ڈھاکہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)بنگلہ دیشی فاسٹ بولر تسکین احمد نے محمد عامر کا 4سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
تسکین احمد نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے میچ میں 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کرکے اہم اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے پاکستانی بالر محمد عامر کا بہترین بولنگ کاریکارڈ توڑ دیا۔
بی پی ایس میں راج شاہی کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لیگ کے میچ میں بہترین بولنگ کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے انہوں نے محمد عامر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
سابق پاکستانی فاسٹ بولر نے 2020ء میں بی پی ایل میں کھلنا ٹائیگرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے سلہٹ رائلز کے 6 کھلاڑیوں کو صرف 17 رنز کے عوض آؤٹ کیا تھا۔
بنگلہ دیشی بولر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے بہترین بولر بن گئے ہیں، ٹی ٹوئنٹی میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ ملائیشیا کے کھلاڑی سیازرول ادروس کے پاس ہے انہوں نے چین کے خلاف 8 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں، فہرست میں دوسرے نمبر پر نیدر لینڈز کے کولن ایکر ہیں انہوں نے 7 وکٹیں 18 رنز کے عوض حاصل کر رکھی ہیں۔