جڑانوالہ میں نئی نویلی دلہن کی ہلاکت کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا
جڑانوالہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)جڑانوالہ میں نئی نویلی دلہن کی مبینہ ٹک ٹاک بناتے ہوئے ہلاکت کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا۔ تھانہ صدر جڑانوالہ میں پولیس کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق نوبیاہتا دلہن 10 سالہ بھانجے کے فائر سےقتل ہوئی، دلہن فاطمہ کی 2 روز قبل عظمت نامی رشتہ دار سے شادی ہوئی تھی۔10سالہ بھانجے ارحم کی مبینہ فائرنگ سے فاطمہ کی موت ہوئی اور مقتولہ کے والد نے اصل حقیقت کو چھپا کر 10سالہ ملزم کو بچانےکی کوشش کی۔
پولیس کی خفیہ تحقیقات میں تمام معاملات کھل کر سامنے آگئے۔ پولیس نے 10سالہ ملزم ارحم کو حراست میں لے کر مقدمے میں نامزد کر دیا۔ایس پی محمد ضیاء الحق کا کہنا ہے کہ پولیس نے واقعے کے تمام شواہد اکھٹے کر لیے ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر معلومات کے مطابق تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔