اپیکس کمیٹی میں 26 نومبر کا تذکرہ، وزیراعظم اور علی امین گنڈا پور کے درمیان تلخ کلامی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزرائے اعلیٰ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان سمیت دیگر اہم عہدیدار شریک ہوئے۔
روز نامہ "امت "نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ دوران اجلاس وزیراعظم نے 26 نومبر کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے مظاہرین پر گولی نہ چلانے کی وضاحت کی۔
جس پر وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے اعتراض کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کے درمیان پی ٹی آئی احتجاج کے معاملے پر جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
اجلاس کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو اتنا بڑا سانحہ ہوا، ملک کے وزیراعظم کےلیے مناسب نہیں کہ اپیکس فورم پر گولی چلنے کا انکار کرے، 13شہداءکی تصدیق ہوچکی، انصاف مانگتے رہیں گے۔