مسلمان پوری دنیا کیلئے امن کے سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں، سید عبدالخبیر آزاد
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)عالمگیری باد شاہی مسجد لاہور میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے مولانا سید عبدالخبیر آزاد( خطیب بادشاہی مسجدلاہور و چیئر مین مجلس علماء پاکستان) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے سایہ میں ہی لوگوں کو سکون اور دلی اطمینان مل سکتا ہے انہوں نے کہا کہ دنیا کی بے چینیاں اور مسائل کا حل بھی اسلام کی تعلیمات میں ہیں‘انہوں نے کہا کہ دین اسلام پوری دنیا کیلئے امن محبت اور سلامتی کی ضمانت ہے پوری دنیا کے مسلمانوں کو اسلام کے پیغام امن کو عام کرنا چاہیئے‘انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت سے وابستہ کرو ڑوں مسلمان پوری دنیا کیلئے امن کے سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں‘اور تبلیغی جماعت کا عالمگیر پیغام امن ومحبت اور سلامتی کا ہے‘تبلیغ سے وابستہ لوگوں کا عمل وکرداراپنے آپ کو سیرت نبویﷺ کے مطابق ڈھالنا ہے‘اصلاح نفس اور اعمال حسنہ کی تعلیم سے ہی نکھار پیدا ہوتا ہے اور یہی تبلیغی جماعت کا قیمتی سرمایہ ہے‘انہوں نے کہا کہ اسلام امن ومحبت کو باہمی اتفاق اور بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے اور بھٹکے ہوئے لوگون کو سیدھے راستہ پر چلاتا ہے اور یہی تبلیغی جماعت کی دین اسلام کے ساتھ اخلاص کی برکت ہے کہ آج ان کی جماعت دنیا بھر میں اس دعوت کو لیکر چل رہی ہے اور تبلیغی جماعت کی بدولت لاکھوں بگڑے ہوئے نوجوان راہ راست پر آئے اور ان کی زندگیاں بدل گئیں ‘ اللہ تعالیٰ ان کی مسا عی کو قبول فرمائے اورجو فکر لیکر چل رہے ہیں اس کو اور زیادہ عام فرمائے ۔آمین۔