باپ بیٹے نے پڑوسی کو قتل کر کے سر کاٹا، پھر اسے لے کر پولیس سٹیشن پہنچ گئے
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناشک کے دینڈوری تعلقہ کے نانشی گاؤں میں ایک شخص اور اس کے بیٹے نے اپنے پڑوسی کو کلہاڑی اور درانتی سے قتل کر دیا۔ بعد ازاں وہ مقتول کا کٹا ہوا سر اور قتل میں استعمال ہونے والے ہتھیار لے کر پولیس چوکی پہنچ گئے۔
مقامی حکام کے مطابق 40 سالہ سریش بوکے اور اس کے بیٹے نے 35 سالہ گلاب رام چندر واگھمارے کو قتل کیا۔ قتل کے بعد وہ نانشی پولیس چوکی گئے اور خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔واقعے کے بعد گاؤں میں کشیدگی پھیل گئی۔ مقامی لوگوں نے ملزمان کے گھر کو نقصان پہنچایا اور ان کی گاڑی کو آگ لگا دی۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے مقامی پولیس کے ساتھ ساتھ سٹیٹ ریزرو پولیس فورس کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان ایک طویل عرصے سے تنازعہ چل رہا تھا۔ 31 دسمبر کو دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔ اگلے دن بوکے اور اس کے بیٹے نے اپنے پڑوسی کو اس شبہ پر قتل کر دیا کہ وہ ان کی بیٹی کو بھاگنے میں مدد کر رہا تھا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق مقتول کی بیوی مینا بائی کی شکایت پر پیتھ پولیس سٹیشن میں بھارتیہ نیا سنہتا کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔