چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں ، اتحادی حکومت کا چلنا بہت ضروری ہے: گورنر پنجاب
لاہور ( نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں سابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملک کی مجموعی صورتحال تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک کو درپیش حالات سے نمٹنے کے لیے اتحادی حکومت کا چلنا بہت ضروری ہے۔اپوزیشن سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی ملک کی بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ اتحادی حکومت میں چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں اور روز مرہ کی ضروریات زندگی کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہورہی ہے ۔
گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں معیشت کے اشاریئے بھی بہتری کی طرف گامزن ہیں۔سیاسی لیڈرشپ نے مل کر ملک کو ٹھیک کرنا ہے۔