ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا ؟

ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا ؟
ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا ؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل 

جو بھی پریشانی محسوس کررہے ہیں وہ انشاءاللہ عارضی ثابت ہوگی اور آپ تیزی سے مشکلات سے نکلنے میں کامیاب ہوتے جائیں گے ۔ بس اپنی نیت کو صاف رکھیں اور اپنے دل کو قابو میں بھی رکھیں۔ اس طرح آپ ان معاملات سے بچ جائیں گے جو شرعاً ناجائز ہوں گے اور اپنے رزق کے معاملے کو بھی اچھی طرح ضرور چیک کریں، اب کسی جگہ غلطی کی گنجائش بھی نہیں ہے۔

 برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی 

دوسروں کی باتوں میں آکر آپ غلط راستے کا انتخاب نہ کریں اس طرح تو آپ کو بڑا نقصان ہو سکتا ہے اور آپ مشکل میں آ سکتے ہیں۔ اگر بات سمجھ میں نہیں آ رہی تواستخارے کی مدد لے لیں تاکہ کسی طرح کی غلطی کی گنجائش نہ رہے اور کاروباری حضرت ابھی سرمایہ کاری نہ کریں ۔ تھوڑے دن کے بعد حالات ان شاءاللہ خودبخود بہتر ہو جائیں گے تو پھر حالات کے مطابق پیسہ لگانا بہتر بھی ہوگا۔

 برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

آپ کیوں اپنی جان پر ظلم کررہے ہیں۔ ان معاملات سے دور کیوں نہیں ہو جاتے جو وہال جان ہیں جس میں وقتی مزا تو ہے مگر آگے چل کر گلے میں بڑا طوق نہ پڑ جائے۔ ابھی وقت ہے سنبھل جائیں۔ جو لوگ دل لگی کر رہے ہیں، موبائل پر عشق لڑا رہے ہیں وہ اپنے لئے بدنامی گلے لگانے کے لئے تیار رہیں۔ ان دنوں اگر آپ نے صرف روزگار کے حوالے سے معاملات پر توجہ دی تو اس کے نتائج اچھے ہوں گے۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

اب بس کریں اور واپس لوٹ آئیں۔ ہر چیز کی حد ہوتی ہے اس کو تو کراس نہیں کرنا اور پھر ہر بات کا وقت ہوتا ہے۔ عمر کے حساب سے بھی تو چلنا پڑتا ہے۔جو لوگ کسی طرح بھی اپنے معاملات سیدھے نہیں کر رہے،وہ بعد میں بڑا پچھتائیں گے۔ ان دنوں صرف روزگار کا خانہ آپ کو بار بار پکار رہاہے،اس میں آپ کے لئے بہت کچھ ہے ، اپنی توجہ کسی اور جانب مبذول نہ کریں ۔

 برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

جو لوگ کسی نئے کام کو شروع کرنا چاہتے ہیں، وہ ابھی انتظار کریں۔ اللہ نے چاہا تو آپ کو اسی کام اور اسی جگہ سے فائدہ حاصل ہوگا اور جس بھی طرف سے امید نہ تھی اس طرف سے غیبی امداد بھی مل جانے کی بحکم اللہ بڑی امید ہے ۔جو لوگ برسوں سے روزگار کے حصول کے لئے پریشان تھے، اللہ نے چاہا تو ان کے لئے اب کوئی اچھا سلسلہ بن جائے گا، یہ ہفتہ بڑا شاندار ہے۔

 برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

جو لوگ عرصہ دراز سے کسی مشکل میں پھنسے ہوئے تھے وہ اب اس سے آزاد ہیں۔ ان کے لئے وہ دروازہ اب کھل جانے کی، اللہ کے حکم سے بڑی امید ہے اور جو ضرورتیں ہیں وہ حیران کن طریقے سے پوری ہوتی رہیں گی۔ ان دنوں آپ جس کام میں بسم اللہ کرکے ہاتھ ڈالیں گے وہ بھی ہوتا چلا جائے گا اور آپ کے لئے ایک بنددروازہ روحانی حوالے سے بھی کھل جانے کا امکان موجود ہے۔

 برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

آپ بہت زیادہ وہم کرتے ہیں جو بات کان میں پڑ جاتی ہے جب تک وہ کسی طرف لگ نہیں جاتی آپ کو سکون نہیں آتا۔ان دنوں آپ کو اپنے معاملات پر نظرثانی کرنی ہے۔ صحت پر توجہ دینی ہے اور تمام پچھلی باتوں کو دماغ سے نکال کر آگے کی طرف بڑھنا ہے، جو لوگ ایسا نہیں کریں گے وہ صحت کو لے کر ایک نفسیاتی مریض بن سکتے ہیں، بہرحال اپنا صدقہ لازمی دیں۔

 برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

ان دنوں مالی طور پر مشکلات کا شکار دکھائی دیتے ہیں اور اس معاملے کو لے کر سخت پریشان بھی ہیں۔ آپ کو چاہیے کہ اب نما زپر توجہ دیں ،باوضو رہنے کی کوشش کریں اور یاحی یا قیوم کا ورد بھی زبان سے دن میں 100مرتبہ ضرور کریں ۔جو لوگ کسی بھی ایسے مسئلے میں ہیں جو دوسروں کی وجہ سے ہے تووہ لوگ آپ نے اپنی زندگی سے خود نکالنے ہیں۔ چاہے اس کے لئے کچھ بھی کرنا پڑے۔

 برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

آپ کو اپنوں کی طرف سے ہی شدید مخالفت، حسد اور نفرت کا سامنا ہے۔ آپ اب ان کو اپنے قریب نہیں کر سکتے، مطلب نکل گیا ہے سب کا ، اب حالات بدل گئے،ان کے لئے آپ ٹشو پیپر سے زیادہ نہیں رہے۔ آپ کو اب نئے سرے سے زندگی کا آغاز کرنا ہے اور اس کے لئے قدرتی اسباب اس وقت آپ کی مدد کریں گے جب آپ دل سے اللہ پاک کو پکاریں گے ،توبہ کرکے واپسی اختیار کریں۔

 برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری 

بھول کر بھی اس کام کی طرف نہ جائیں جس میں آپ کو تھوڑا سا بھی خطرہ محسوس ہو، باہر سے کسی نے آپ کو نقصان نہیں دینا، یہ اندرون خانہ سازش ہو سکتی ہے۔ آپ نے ان کو موقع ہی نہیں دینا بس خاموشی سے جو پیشکش ملے، آفر آئے اس کو لے کر چلناہے اور اپنے گھر اور روزگار پر توجہ دینی ہے۔ اپنے دن بدلنے کے یہ بہت اچھے مواقع ہیں، صرف اس طرف دیکھیں تو بہتر رہے گا۔

 برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری 

آپ کی ایک پرانی خواہش کسی بھی طرح سے بحکم اللہ پوری ہوتی دکھائی دیتی ہے۔ آپ لاکھ کوشش میں تھے،کامیابی نہیں مل رہی تھی، اب قدرتی سلسلے بن سکتے ہیں اور بھی کئی حوالوں سے آپ کو مشکلات سے نکلنے میں اب زیادہ وقت نہیں لگے گا ۔جو لوگ نوکری کی تلاش میں تھے، خوشخبری سن سکیں گے۔جو بیماری یا بندش کو کاٹ رہے تھے، وہ اب انشاءاللہ اس سے مکمل طور پر آزاد ہوں گے۔

 برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

عشق و محبت میں ناکامی ہوگی۔ آپ بلاوجہ وقت ضائع کررہے ہیں، دوسرا آپ کی طرف سنجیدہ دکھائی نہیں دیتا۔ ویسے بھی تو آپ کی قسمت میں وفا لگتی بھی نہیں، جس پر بھی احسان کیا ہو، بھول جائے گا۔ آپ بس اپنی زندگی بنانے پر نظر رکھیں اور کوشش کریں کہ اب واپس نہیں دیکھنا ، یہ ہفتہ کئی حوالوں سے بہتری دے گا اور مالی طور پر بھی انشاءاللہ اچھی خبر آئے گی۔