رشتے سے انکار پر ملزمان نے فیملی پر تیزاب پھینک دیا
خانیوال(مانیٹرنگ ڈیسک) موضع محمد پور لاما میں رشتے سے انکار پر ملزمان نے فیملی پر تیزاب پھینک دیا۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق متاثرین میں نسرین بی بی، اس کے دو بھائی وقاص احمد اور اللہ دتہ اور ان کے کم عمر بچے ممتاز احمد اور زہریٰ شامل ہیں۔
ملزم نوید احمد نے نسرین بی بی کا رشتہ مانگا تھا اور انکار پر انتقام کی آگ میں جلنے لگا۔ واردات کے روز فیملی ایک شادی کی تقریب سے واپس آ رہی تھی کہ ملزم اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر آیا اور فیملی کو روک کر ان پر تیزاب پھینک دیا، جس سے تمام لوگ بری طرح جھلس گئے۔
زخمیوں کو شیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) رضوان عمر گوندل نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم نوید احمد اور اس کے نامعلوم ساتھی کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ پولیس نے نوید احمد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔