نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی
سورس: PCB

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹرائی نیشن سیریز کے افتتاحی میچ میں مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم نے میزبان پاکستانی کرکٹ ٹیم کو  78  رنز سے شکست دے دی۔ کیویز کی طرف سے دیے گئے 331 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس صرف 252 رنز ہی بنا سکے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز قدرے بہتر رہا۔ فخر زمان ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نظر آئے لیکن سٹار بلے باز بابر اعظم جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے صرف 10 رنز بنائے اور 23 گیندوں کا سامنا کیا۔ون ڈاؤن آنے والے کامران غلام صرف 18 اور کپتان محمد رضوان صرف تین رنز ہی بنا سکے۔ 119 کے مجموعی سکور پر فخر زمان آؤٹ ہوئے تو اس ٹوٹل میں سے ان کا سکور 84 رنز تھا۔

فخر زمان کے بعد صرف  سلمان علی آغا اور طیب طاہر ہی کچھ دیر کریز پر ٹک پائے لیکن وہ بھی اتنا نہیں ٹکے کہ ٹیم کو جیت کی طرف لے جاسکتے۔ انہوں نے بالترتیب 40 اور 30 رنز بنائے اور پویلین کی راہ لی۔ کم بیک کرنے والے خوشدل شاہ صرف 15 رنز ہی بناسکے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے مچل سانتنر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 10 اوورز میں 4.10 کی اوسط سے 41 رنز دیے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔ مچل بریس ویل نے بھی اسی اوسط کے ساتھ دو شاہینوں کا شکار کیا۔ میٹ ہینری نے تین اور گلین فلپس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں کیوی بلے بازوں نے بھی پاکستانی باؤلرز کا خوب بھرکس نکالا۔ انہوں نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔ گلین فلپس نے انتہائی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 74 گیندوں پر  106 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ڈیرل مچل 81 اور کین ولیمسن 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

گرین شرٹس کی طرف سے سب سے کامیاب باؤلر شاہین شاہ آفریدی رہے جنہوں نے تین کیویز کا شکار کیا لیکن رنز کے معاملے میں وہ کافی مہنگے ثابت ہوئے۔ انہوں نے 10 اوورز میں 8.80 کی اوسط سے 88 رنز دیے۔ابرار احمد نے 10 اوورز میں 41 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف کو ایک وکٹ ملی جب کہ نسیم شاہ، سلمان علی آغا اور خوشدل شاہ کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

مزید :

کھیل -اہم خبریں -