کیا واقعی سٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کی تاریخ کا اعلان کردیا؟ اصل کہانی سامنے آگئی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )سٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام نے عید الفطر کے موقع پر نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کی تاریخ سے متعلق چلنے والی خبروں کی تردید کردی اور واضح کیا ہے کہ سٹیٹ بینک کی طرف سے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا پر یہ خبریں زیرگردش رہیں کہ سٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والوں کیلئے میسج سروس کا ا علان کر دیا جس کے ذریعے لوگوں کو رجسٹرڈ کیا جائے گا اور اس کے بعد وہ اپنی متعلقہ برانچز سے نئے نوٹ حاصل کر سکیں گے،خواہشمندوں کو اپنے شناختی کارڈ نمبر اور متعلقہ بینک کا برانچ کوڈ 8877 پر بھیجنا ہو گا ۔ اس میسج کے کمپنی کی جانب سے دو روپے کاٹے جائیں گے ۔اس کے بعد صارف کو جوابی میسج موصول ہوگا جس میں کرنسی نوٹوں کے حصول کیلئے کوڈ دیاجائے گا جبکہ اس کے ساتھ بینک کی برانج کا پتہ اور کوڈ کی معیاد بھی درج ہو گی جو کہ زیادہ سے زیادہ دو روز کی ہو گی ۔صارفین کو نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کیلئے اپنے ہمراہ اصلی شناختی کارڈ اور اس کی ایک فوٹو کاپی لے جانا ہو گی اور 8877 پر میسج کے جواب میں موصول ہونے والے کوڈ کو بھی دکھانا ہو گا ۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کر دہ اعلامیے میں کہا گیاہے کہ نئے کرنسی نوٹ ملک کے 142 شہروں میں موجود 1700 برانچوں سے حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔
اس خبر کے بعد سٹیٹ بینک کے حکام نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی طورپر رابطہ کرکے کسی بھی تاریخ کے اعلان سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور واضح کیا ہے کہ اب تک نئے کرنسی نوٹوں کے اجراء سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا سے متعلق چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد اور از خود بنائی گئی ہیں ۔