چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی کا سروسز اسپتال لاہور میں "اینٹی ریپ کرائسز سیل" کا دورہ

چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی کا سروسز اسپتال لاہور میں "اینٹی ریپ ...
چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی کا سروسز اسپتال لاہور میں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے سروسز اسپتال لاہور میں قائم "اینٹی ریپ کرائسز سیل" کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد سیل میں فراہم کی جانے والی طبی، قانونی اور نفسیاتی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔ حنا پرویز بٹ نے اس موقع پر کہا کہ محفوظ پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز  کا ویژن ہے اور اس کو آگے بڑھانے کے لیے ہم دن رات محنت کر رہے ہیں۔ اینٹی ریپ کرائسز سیل کا قیام پنجاب حکومت کی جانب سے خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس سیل میں متاثرہ افراد کو ایک ہی چھت تلے میڈیکل معائنہ، قانونی رہنمائی اور ماہرینِ نفسیات کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ متاثرین کو فوری مدد اور انصاف یقینی بنایا جا سکے۔
حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ اس ماڈل کو پورے پنجاب میں پھیلانے کی ضرورت ہے تاکہ ہر متاثرہ فرد کو بروقت مدد مل سکے۔ انہوں نے خصوصی عدالتوں کے قیام اور مجرموں کو سخت سزائیں دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انصاف کی بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
دورے کے دوران حنا پرویز بٹ نے کہا کہ میرا خواب ہے کہ پنجاب کی ہر عورت اور بچی بلا خوف و خطر اپنی زندگی گزار سکے۔ اگر رات کے 2 بجے بھی کوئی لڑکی باہر نکلے تو کوئی اس کی طرف آنکھ اٹھا کر نہ دیکھ سکے۔ یہ مشن تنہا ممکن نہیں، اس کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

 انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے واقعات کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دی جائے تاکہ مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ خواتین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گی اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔