بجلی اور گیس کی مزید قیمت نہیں بڑھے گی، وزیر اعظم
مہمند(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں اب گیس اور بجلی کی مزید قیمت نہیں بڑھے گی۔
مہمند میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاندار استقبال پروزیراعظم عمران خان نے قبائلی عوام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ کبھی بھی کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا جس کے حکمران کرپٹ ہوں،وسائل کی کمی کی وجہ سے کوئی ملک غریب نہیں ہوتا،ملک تب غریب ہوتا ہے جب حکمران ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر لے جاتے ہیں،کرپٹ حکمران ملک کا پیسہ چوری کرکے لندن اور امریکہ میں بڑے بڑے گھر لے لیتے ہیں،جن کے اکاوَنٹ،کاروبار اور محل بیرون ملک ہیں انہیں کبھی ووٹ نہ دیں۔
بھارتی فورسز نے کشمیری عوام کو 7ماہ سے گھروں میں بند کررکھا ہے،کشمیری عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ساری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ ہے،انہوں نے کہا کہ اللہ نے مشکل وقت میں صبر کو انسان کی بہترین صفت کہا ہے،دعا ہے اللہ کشمیریوں کو مشکل وقت میں صبر کرنے کی توفیق دے،دعا ہے آنے والے دنوں میں کشمیریوں کو ظلم سے آزادی ملے،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیاسے کہہ رہا تھا مودی کی حکومت انتہاپسند ہے،پوری دنیا نے دلی میں غریب مسلمانوں پر ظلم دیکھا،بھارتی حکومت کے مظالم کی سخت مذمت کرتے ہیں،ہندوتوا کا نظریہ مسلمان سمیت دیگر اقلیتوں کے خلاف ہے۔
انہوںنے کہا کہ پاکستان نے مسلم دنیا میں مثال بننا تھا،پاکستان نے ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلنا تھا،ریاست مدینہ نے پیچھے رہ جانے والے انسانوں کو اوپر اٹھانے کی ذمہ داری لی،احساس پروگرام متعارف کروا کرپیچھے رہ جانے والوں کی ذمہ داری لی ہے،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں تعلیم اور صحت کا نظام سب سے برا،نوکریاں بھی نہیں ملتیں،دہشت گردی کےخلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان قبائلی عوام کو ہوا،اب قبائلی علاقوں میں ترقی لانے کا موقع ہے،قبائلی علاقوں کے عوام کو اوپراٹھا کرترقی یافتہ پاکستانی شہروں سے ملانا ہے،یہ سیاسی تقریر نہیں، میرا دینی فرض ہے۔
ان کاکہناتھا کہ چین دنیا میں سب سے تیزی سے اوپر جارہاہے،چین نے30سال میں 70کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا،چین نے فیصلہ کیا غریب عوام پر پیسہ خرچ کرنا ہے،چینی حکومت سے پوچھا غریب عوام کو اوپر اٹھانے کےلئے کیا اقدامات کئے،چینی حکومت نے غریب عوام کےلئے انڈسٹریاں لگائیں، انہوںنے کہا کہ جس قوم میں انسانیت اورعدل وانصاف ہوا اللہ اسے اوپر اٹھالے گا،اللہ نے پاکستان میں نعمتوں کی بارش کررکھی ہے،پاکستان میں بے پناہ معدنیات اور 12موسم ہیں،مہمند میں بہترین زیتون کی پیداوار ہوتی ہے،قبائلی علاقے میں صحت احساس پروگرام لارہے ہیں،قبائلی نوجوانوں کوکاروبارکےلئے قرضے بھی فراہم کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقے کے ڈھائی ہزار طلبہ کو سکالرشپس دیں گے،روزگار کےلئے مہمند میں انڈسٹریل سٹیٹ لگائیں گے،مہمند کے عوام کو مہمند ڈیم سے پانی فراہم کریں گے،جانتا ہوں قبائلی علاقے پر کیسا وقت گزرا،ان کا کہناتھا کہ میرے علاوہ کوئی قبائلی عوام کےلئے آواز نہیں اٹھاتا تھا،اب قبائلی عوام کے نمائندے اسمبلیوں میں موجود ہیں،دل سے دعا ہے کہ افغانستان میں امن ہو،انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے افغانستان میں امن قائم ہو،40سال سے افغان عوام عذاب میں مبتلا ہیں،دعا ہے افغان امن معاہدہ کامیاب ہو،انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن سے قبائلی عوام کو بھی فائدہ ہوگا،افغان سرحد کھولنے کی کوشش کروں گا تاکہ عوام کو روزگار ملے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں 3اور4جی ٹیکنالوجی کی ذمہ داری وفاقی وزیرمواصلات کو سونپ رہا ہوں،انہوں نے کہا کہ عوام نے بجلی اور گیس کے مسائل کی وجہ سمجھنے چاہئیں،گزشتہ حکومت نے بجلی کی پیداوار کےلئے40،30سال کے معاہدے کررکھے ہیں،گزشتہ حکومت نے بجلی کی مہنگی قیمت پر معاہدے کیے جس سے گردشی قرضے بڑھے،حکومت میں آئے تو گردشی قرضے بڑھ چکے تھے،پاکستان کی انڈسٹری بنگلہ دیش اور بھارت کا مقابلہ نہیں کرسکتی کیونکہ وہاں بجلی سستی ہے۔
انہوںنے کہا کہ ہمارے حکومت کے پہلے سال کی آدھی آمدنی قرضوں کی قسطیں ادا کرنے میں ضائع ہوگئی،ملک چلانے کےلئے مزید قرضہ لینا پڑا،فیصلہ کیا ہے بجلی کی قیمتیں ہرصورت کم کرنی ہیں،فیصلہ کیا ہے بجلی کی قیمتیں مزید نہیں بڑھائیں گے،انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں کم کرنے کےلئے ہرقدم اٹھائیں گے،اپنے لوگوں پر مزید بوجھ نہیں ڈالنے دیں گے۔
انہوںنے کہاکہ گزشتہ حکومت نے گیس کا15سالہ معاہدہ کیا،جو بھی ہوجائے گیس اور بجلی کی قیمت کم کرنے کی کوشش کرنی ہے،انہوںنے کہاکہ پاکستان عظیم ملک نہ بننے کی ایک ہی وجہ ہے،کبھی بھی کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا جس کے حکمران کرپٹ ہوں،وسائل کی کمی کی وجہ سے کوئی ملک غریب نہیں ہوتا،انہوںنے کہاکہ ملک تب غریب ہوتا ہے جب حکمران ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر لے جاتے ہیں،کرپٹ حکمران ملک کا پیسہ چوری کرکے لندن اور امریکہ میں بڑے بڑے گھر لے لیتے ہیں،جن کے اکاوَنٹ،کاروبار اور محل بیرون ملک ہیں انہیں کبھی ووٹ نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے اوپر الزام لگایاگیا کیا میں لندن بھاگ گیا؟،10ماہ میں عدالت کو تمام دستاویزات دیں،میں نے نہیں کہا تھا کہ انتقامی کارروائی ہورہی ہے،انہوںنے کہا کہ جب چوری نہ کی ہوتو لندن بھاگنے کی ضرورت نہیں ہوتی،ملک اس لیے آگے نہ بڑھ سکا کیونکہ یہاں کرپٹ لوگ حکمران تھے،فکر نہ کریں مشکل وقت گزرگیا ہے،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سب سے زیادہ مشکل وقت 2019تھا۔وزیراعظم عمران خان کاکہناتھا کہ وعدہ کرتاہوں ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا،رپورٹ آنے والی ہے کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔