محرم الحرام ،سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے خواجہ سلمان رفیق کا صوبائی وزراء کے ہمراہ دورہ بہاولپور ، اہم اجلاس میں شرکت ، بریفنگ
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈرخواجہ سلمان رفیق نے محرم الحرام میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بہاولپورکا دورہ کیا۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق نے بہاولپور میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں بہاولپور میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی اور وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان بھی ہمراہ تھے۔
سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال بھی ہمراہ تھے۔ کمشنر بہاولپور نادر چٹھہ اور آر پی او رائے بابر نے صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق کو انتظامات کےبارے میں بریفنگ دی۔ بہاولپور ڈویژن میں تمام 1409 مجالس اور 514 جلوس کے انتظامات مکمل ہیں۔164 علماء و ذاکرین کی ضلع بندی اور 124 کی زباں بندی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ بہاولپور میں 165 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیاہے۔پولیس کے 17ہزار جوان ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔7 سے 10 محرم کے دوران آرمی اور رینجرز کی 15 کمپنیاں بھی سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گی۔ارکان صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رانا محمد طارق، چوہدری خالد محمود، سردار خالد واران اور شعیب اویسی نے اجلاس میں شرکت کی۔ تمام ڈویژنل ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان بھی بریفنگ میں شریک ہوئے۔
صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ محرم الحرام کو پُرامن بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔پنجاب بھر میں سیکیورٹی و دیگر انتظامات پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔جلوس کے راستوں میں سرکاری سبیل پر شرکاء کو پانی پلایا جارہا ہے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ عاشورہ کے بعد بھی امن و امان کے قیام پر یہی توجہ مرکوز رکھیں۔محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں۔