مقبوضہ کشمیر ، پلوامہ ، ترال میں دوسرے روز بھی ہڑتال ، مظاہرے
سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین نوجوانوں کی شہادت کے واقعہ پر پلوامہ قصبے اور ترال میں اتوار کو دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال رہی،جس کے باعث بازار ویران اور سڑکیں سنسان رہیں جبکہ کشمیر یوں کی جانب سے کئے گئے، مظاہروں کے دوران بھارتی فورسز اور قابض انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین پربد ترین لاٹھی چارج اور آنسو گیں کی شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین نوجوانوں کی شہادت کے واقعہ پر پلوامہ قصبے اور ترال میں اتوار کو دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال رہی،ہڑتال کے باعث دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکیں سنسان تھیں ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں نے دو نوجوانوں لیاقت وانی اور واجد الاسلام کو اتوار کے ضلع پلوامہ کے علاقے ٹکن جبکہ ایک اور نوجوان انور کو اسی ضلع کے علاقے ترال میں ہفتے کے روز محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران شہید کیا تھا۔دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے اتوار کوترال کے علاقے ڈاڈسرہ جبکہ ہندواڑہ کے علاقے راجوار میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کیں جو آخری اطلاعات تک جاری تھیں۔جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔دوسر ی جانب اطلاعات کے مطابق بھارتی فورسز کی چھاپہ مار کاروائیوں کے خلاف بڑی تعداد میں کشمیر ی سڑکوں پر نکل آئے ،اس دوران بھارتی فورسز اور قابض انتظامیہ کی جانب سے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں متعد د افراد زخمی ہو گئے ۔واقعہ کے دوران مظاہرین نے انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی اداروں سے بھارتی فوج کی جارحیت اور ظلم و بر بریت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔
کشمیر