موٹروے پولیس اہلکار پر تشدد کے معاملے کی تحقیقات جاری، انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے: آئی ایس پی آر
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) موٹروے پولیس اور پاک فوج کے 2 افسران کے درمیان جھگڑے کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں اور موٹروے پولیس کے درمیان تنازع کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور تمام تفصیلات و شواہد اکٹھے کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کیس میں قانون کے مطابق انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے مبینہ طور پر جی ٹی روڈ جہانگیر ہ ٹاﺅن کے قریب چالان کرنے پر موٹر وے پولیس کے اہلکاروں کی تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد چار اہلکاروں کو زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے چالان کیلئے روکنے پر مبینہ طور پر موٹر وے پولیس کے اہلکاروں کی پٹائی کر دی ، 4 اہلکار ہسپتال منتقل
دی نیوز کے مطابق نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس ( این ایچ ایم پی )کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جان بہادر نے اپنے بیان میں کہا کہ موٹر وے پولیس کے اہلکاروں نے جہانگیرہ ٹاﺅن کے قریب دو تیز رفتارکاروں کو رکنے کا اشارہ کیا مگر انہوں نے گاڑیوں کو مزید تیز کر لیا جس پر کاروں کا پیچھا کیا گیا اور خیر آباد کے مقام پر روک کر پوچھا گیا تو گاڑیوں میں موجود افراد نے اپنے آپ کو سیکیورٹی فورسز کے اہلکار ظاہر کیا۔پاک فوج کے دوکپتان جن کے نام قاسم اور دانیال بتائے گئے ہیں اپنی گاڑی میں سے باہر نکلے، ایک فوجی نے اپنا9ایم ایم کا پستول وارڈن کی طرف سیدھا کردیا۔یہ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہوگئی جب ڈیوٹی پر موجود پولیس انسپکٹر نے بھی اپنا پستول ان کی جانب کردیا۔موٹروے پولیس کے اہلکار نے ان دونوں کااوور سپیڈنگ کا چالان کرنے کا اصرار کیااور ساتھ ہی ہتھیار دکھانے پر قانونی چارہ جوئی کی بات کی۔ان دو فوجی افسروں نے قریبی کنٹونمنٹ اس واقعہ کی اطلاع دی جہاں سے میجر زرفان اور ان کے چھ جوان موقع پر پہنچ گئے۔
روزنامہ پاکستان کی خبریں اپنے ای میل آئی ڈی پر حاصل کرنے اور سبسکرپشن کیلئے یہاں کلک کریں
آرمی کے کمانڈوز نے ٹریفک افسروں بشمول ایس آئی عاطف شہزاد، ایس آئی محسن اور کانسٹیبل جلال شاہ کو زدوکوب کرتے ہوئے انہیں فوجی وین میں ڈالا اور نامعلوم مقام پر لے گئے۔ان تین پولیس جوانوں کو چند گھنٹے بعد چھوڑ دیا گیا لیکن ان کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔موٹروے پولیس نے اس واقعہ کی رپورٹ اکوڑہ خٹک پولیس سٹیشن میں درج کروادی ہے۔