چیف جسٹس کا مقدمات نمٹانے کا بیان خوش آئند ہے،خرم گنڈا پور
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار کے اس بیان جس میں انہوں نے کہا ہے کہ جو مقدمات شروع کیے ہیں وہ نمٹا کر ہی جاؤں گا کو قابل تحسین قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ہم امید رکھتے ہیں پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس بھی وہ نمٹا کر جائیں گے، اس قتل عام کی گواہ کروڑوں آنکھیں ہیں جنہوں نے دن دہاڑے معصوم خواتین، بچوں، بوڑھوں، نوجوانوں کی خون میں لت پت تڑپتی لاشیں دیکھیں اور ان ہاتھوں اور چہروں کو بھی دیکھا جو ان پر گولیاں برسارہے تھے،محب وطن قانون پسند عوام قاتلوں کو سزائیں ملتے بھی دیکھنا چاہتے ہیں، گزشتہ روز انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے ممنون ہیں کہ جنہوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی درخواست پر نوٹس لیا اورنوٹس کے نتیجے میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے ٹرائل میں باقاعدگی آئی، تاہم ازسرنو تفتیش کا قانونی مرحلہ طے کرنا باقی ہے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تنزیلہ امجد شہیدکی بیٹی بسمہ امجد کی درخواست پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ازسرنو تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کی درخواست بھی سنی اور اس پر پنجاب حکومت کو نوٹس بھی جاری کررکھا ہے
خرم گنڈا پور