شہباز شریف نے معافی مانگ لی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے موٹر وے واقعہ سے متعلق ایوان میں دیے گئے اپنے بیان پر معذرت کرلی ہے۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایوان میں اپنی بات مناسب طریقے سے نہیں کہہ سکا،میری بات سے جو تاثر ابھرا، میرا وہ مطلب نہیں تھا، موٹروے واقعہ پر انتہائی افسردہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے حکومت سیالکوٹ موٹروے پر شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ خاتون سے زیادتی کا واقعہ دل دہلا دینے والاتھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے کہا تھا کہ موٹروے، ڈولفن پولیس فورس اور فرانزک لیب نوازشریف کے دور میں بنا۔ فرانزک لیب دنیا کی سب سے بڑی دوسری لیب ہے۔ نوازشریف کے دور میں پولیس ریفارمز کی گئیں۔ پنجاب میں پولیس افسروں کی تعیناتیاں 95 فیصد میرٹ پر ہوتی تھیں۔
Couldn’t properly contextualize my comment during NA speech & it came across as insensitive. I didn’t mean it that way & am sincerely sorry for it. I’m devastated like all of u on this unfortunate incident. Hope Govt now provides security on Sialkot motorway 4 safety of citizens!
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 15, 2020
انہوں نے مزید کہا تھا کہ حکومت اس بحث پر الجھی ہوئی تھی کہ موٹروے پر کس کا کنٹرول ہے۔ موٹروے واقعے پر سی سی پی او کا بیان شرمناک ہے۔ پولیس افسر کے بیان سے پوری قوم کے دل زخمی ہوگئے۔ پولیس افسر نے بیان دیا کہ پیٹرول نہیں تھا تو رات کے اندھیرے میں کیوں نکلی۔ کوئی ذی شعور شخص اس طرح سوچ بھی نہیں سکتا۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا تھا کہ اداروں کی رپورٹ کہہ رہی تھی یہ پولیس افسر کرپٹ ہے۔ ڈھٹائی کےساتھ اس پولیس افسر کو سی سی پی او تعینات کیا گیا۔شہبازشریف نے کہا تھا کہ سی سی پی او لاہور کو جس نے لگایا وہ سینہ تان کرکھڑے تھے کہ ہم نے لگایا۔ موٹروے واقعے پر اپوزیشن لیڈر شپ نے ذمہ داری کا کردار ادا کیا۔