ونیزویلا کے صدرکے قتل کی سازش کے الزام میں 6غیرملکی گرفتار
کراکس (ڈیلی پاکستان آن لائن)جنوبی امریکہ کے ملک ونیزویلا کے صدر نکولس مدورو کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں 6 غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان میں تین امریکی، دو ہسپانوی اور ایک چیک باشندہ شامل ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ ان تمام افراد کو صدر نکولس مدورو کے قتل کے مشن پر بھیجا گیا تھا۔
ان گرفتاریوں کا اعلان ملک کے انتہائی طاقتور وزیرِداخلہ ڈایوزڈاڈو کبیلو نے سرکاری ٹی وی پر ایک خصوصی بیان میں کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ امریکی خفیہ ادارہ سی آئی اے ونیزویلا کے صدر کو قتل کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے ٹی وی پروگرام میں وہ ہتھیار بھی دکھائے جو مبینہ طور پر اِن غیر ملکی باشندوں سے ضبط کیے گئے ہیں۔
کبیلو نے بتایا کہ جن غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے اُن میں امریکی نیوی کا ایک اہلکار ولبرٹ جوزف کاسٹانیڈا گومز بھی شامل ہے۔ وہ افغانستان، عراق اور کولمبیا میں خدمات انجام دے چکا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی بحریہ کے سیل سمیت تین امریکیوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے تاہم ونیزویلا میں ہسپانوی سفارت خانے نے کچھ کہنے سے گریز کیا ہے۔