سینئر صحافی ہارون الرشید کی پولیس افسر سے دھمکی آمیز گفتگو کی آڈیو ٹیپ انٹر نیٹ پر لیک ہو گئی ،سوشل میڈ یا پر تہلکہ برپا ہو گیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )حکومت کامنشور ہے کہ پولیس کو سیاسی اور با اثر افراد کی مداخلت سے پاک کریں گے تاہم ابھی تک اس کا عملی نمونہ سامنے نہیں آسکا ہے بلکہ اس کے بر عکس پہلے ڈی پی او پاکپتن کا سیاسی اثر و رسوخ استعمال کر کے عطا مانیکا کیس میں تبادلہ کیا گیا جبکہ اب سینئر صحافی ہارون الرشید کی پولیس افسر کو دھمکی آمیز مبینہ فون کال نے بھی سوشل میڈ یا پر تہلکہ مچا دیا ہے ۔
تفصیل کے مطابق سوشل میڈ یا پر ہارون الرشید کی ایک مبینہ آڈیو کال انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی ہے ۔ ریحان نامی پولیس افسر کو فون کال کر کے ہارون الرشید نے نازیبا الفاظ کا بھی استعمال کیا ۔فون پر انہوں نے اپنے تعارف کے بعد پولیس افسر سے کہاآپ نے کسی ندیم عباس نامی شخص کو پکڑا ہے اس پر پولیس افسر نے کہا کہ جی ہاں وہ جسمانی ریمانڈ پر ہے۔ہارون الرشید نے کہا کہ میرے ذرائع کے مطابق یہ آدمی بے قصور ہے اور اس کو مارا پیٹا گیا ہے ۔پولیس افسر نے کہا کہ یہ بات آپ کے ذرائع کہہ رہے ہونگے میں نے تو ایسا کچھ نہیں کہا ،اس پر ہارون الرشید نے کہا کہ میں نے آپ سے پوچھا ہے آپ گورنر بن کر کیوں بات کر رہے ہیں ،پولیس افسر بن کر بات کریں ،اس پر پولیس افسر نے کہا جی وہ ہی بتا رہا ہوں کہ آپ کے ذرائع نے ایسی کوئی بات کی ہو گی میں نے نہیں کی ،آپ میرے ساتھ غلط انداز میں بات کیوں کر رہے ہیں اس پر ہارون الرشید نے کہا کہ آپ کا آئی جی تو اس طرح بات نہیں کرتا ،تھوڑی دیر میں آپ کا آئی جی آپ کو فون کرے گا ۔پولیس افسر نے کہا کہ چلیں ٹھیک ہے اللہ آپ کو خوش رکھے ،ہارون الرشید نے جواب دیا کہ اللہ آپ کو بھی خوش رکھے ۔اس کے بعد ہارون الرشید نے غصے کے عالم میں پولیس افسر سے کہا کہ کوئی تمیز سکھوں گدھے کے بچے ،پولیس افسر نے کہا کہ آپ نے مجھے کیا کہا تو ہارون الرشید نے اپنی بات دہرا دی ۔پولیس افسر نے کہا کہ آپ جیسے پڑھے لکھے شخص کو اس طرح سے بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے ،آپ نے جو کرنا ہے کرلیں ،مجھے پھانسی لگوا دیں ،گدھے کے بچے آپ ہونگے ،میرے سامنے آکر بات کریں میں آپ کے انتظار میں بیٹھا ہوں ۔پولیس افسر نے استفسار کیا کہ ایک پولیس افسر کو گدھے کا بچہ کہتے ہیں آپ ؟اس پر ہارون الرشید نے کہا کہ اور کیا کہوں ،آپ بات کیوں نہیں سن رہے ۔پولیس افسر نے کہا کہ میرا اصول ہے کہ اگر کوئی بے قصور ہے تو اسے بے قصور کہوں گا اور اگر کوئی گنہگار ہے تو اسے گنہگار کہوں گا ،میں اللہ سے ڈرتا ہوں کبھی کسی کے ساتھ ظلم نہیں کرتا۔اس پر ہارون الرشید نے کہا اچھا!چلیں آپ کا پتہ کرتے ہیں کہ آپ کتنا اللہ سے ڈرتے ہیں ؟پولیس افسر نے جواب دیا آپ ضرور پتہ کریں اور جو آپ نے گدھے کا بچہ کہا ہے اس کا جواب ضرور دوں گا ۔
آڈیو سنیں