شاہد خاقان، مفتاح اسماعیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6جنوری تک توسیع
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 جنوری تک توسیع کر دی۔ عدالت نے ریفرنس کے دیگر شریک ملزمان کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ایل این جی ٹرمینل ریفرنس کی سماعت کی۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت کی جانب سے استفسار پر ملزمان کے وکیل نے بتایا کہ نیب نے ریفرنس کے دیگر شریک ملزمان کو نہ تو گرفتار کیا اور نہ ہی ان کو کوئی نوٹس ہوا۔سماعت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایل این جی ریفرنس میں کچھ بھی نہیں اس لئے نیب اپنا کیس واپس لے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آرمی چیف کی ایکسٹینشن کو کھیل تماشا بنانے کے بجائے اس حوالے سے متفقہ قانون سازی ہونی چاہیے۔ چیئرمین نیب کی جانب سے ہواؤں کو رخ بدلنے کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ چیئرمین نیب بتائیں پہلے ہوائیں کہاں سے آ رہی تھیں۔
شاہد خاقان