غزہ میں جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہئے: وزیر اعظم
قاہرہ(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہئے۔
روز نا مہ امت کے مطابق قاہرہ میں ڈی ایٹ ممالک کے 11ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی، خطے اور دنیا کے امن کے لئے اہم ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور نوجوان معاشی ترقی کے کلیدی محرک ہیں، نوجوان توانائی، نئے خیالات اور تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز ملازمتیں پیدا کرنے کے ساتھ مقامی کاروبار کو فروغ دیتے ہیں، ڈی ایٹ ممالک کے لئے نوجوانوں کو بااختیار بنانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ سربراہی اجلاس کا موضوع 21ویں صدی میں ہماری اجتماعی خوشحالی کا واضح خاکہ ہے، پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے فلیگ شپ یوتھ پروگرام کے ذریعے معیاری تعلیم اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے پ±رعزم ہے، 2013ءسے اب تک اس پروگرام کے ذریعے لائق اور قابل طالب علموں میں 6 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپس تقسیم کئے جا چکے ہیں اور ہزاروں سکالرشپس دیئے گئے ہیں۔