ہر ایک کو ٹیکس اتھارٹی کے ساتھ ڈیل کرنا پڑے گی: وزیر خزانہ
سیالکوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم ٹیکس پالیسی کو ٹیکس کلیکشن سے بہتر بنائیں گے اور ہر ایک کو ٹیکس اتھارٹی کے ساتھ ڈیل کرنا پڑے گی۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پالیسی ریٹ نیچے آیا ہے تو یہ خوش آئند ہے، اوورسیز چیمبرز میں گئے تو وہاں سب کا اپنا پوائنٹ آف ویو تھا، آپ لوگوں کی مدد سے آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ پیش کرتے ہیں تو اس کے بعد کچھ چیزیں رہ جاتی ہیں، اسے دوبارہ پورا کیا جاتا ہے، آپ ابھی سے ہمیں پرپوزل بھیجیں تاکہ اپریل میں آپ کو مسئلہ نہ ہو، ہم آپ سے ڈسکس کریں گے کہ ہم یہ چیزیں بجٹ میں لے کر جارہے ہیں۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیلریڈ کلاس کی تنخواہ پر ٹیکس کٹ رہا ہے، ٹیکس پالیسی ہم ٹیکس کلیکشن سے بہتر بنائیں گے، ہرایک کو ٹیکس اتھارٹی کے ساتھ ڈیل کرنا پڑے گی، ایف بی آرکا پالیسی میکنگ میں کوئی تعلق نہیں ہوگا، ان کا کام اب کلیکشن کرنا ہوگا۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ تین چیزیں چکن، دال ماش اور دال چنا کی قیمتیں بڑھ رہی تھیں، اس پر کام کیا اور قیمتوں کو کم کیا جس کا فائدہ عام آدمی کو ہوا۔