محکمہ خوراک پنجاب نے گندم  کی ترسیل کے بارے میں پالیسی بیان جاری کر دیا

محکمہ خوراک پنجاب نے گندم  کی ترسیل کے بارے میں پالیسی بیان جاری کر دیا
محکمہ خوراک پنجاب نے گندم  کی ترسیل کے بارے میں پالیسی بیان جاری کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )محکمہ خوراک پنجاب نے گندم  کی ترسیل کے بارے میں پالیسی بیان جاری کر دیا۔ ترجمان محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق محکمہ خوراک پنجاب نے گندم کی ترسیل پر کوئی پابندی عائد نہیں کی اور حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق گندم کی بین الصوبائی و بین الاضلاعی نقل و حمل کی مکمل اجازت ہے۔ ترجمان محکمہ خوراک پنجاب نے کہا ہے کہ گندم خریداری پالیسی 2024 کے مطابق گندم کی نقل و حمل کی مکمل اجازت ہے اور محکمہ خوراک پنجاب نے گندم ترسیل پر پابندی بارے کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ انکا کہنا تھا کہ گندم کی ترسیل کیلئے کسی قسم کے پرمٹ کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ بعض حلقے وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف اشیاء کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے لکھے گئے ایک خط کو گندم کی ترسیل سے جوڑ رہے ہیں جو کہ سراسر غلط فہمی پر مبنی ہے۔ وفاقی حکومت اور محکمہ داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں مختلف اشیاء کی سمگلنگ روکنے کیلئے تمام چیک پوسٹوں پر چوکس اور دیانتدار عملے کی تعیناتی کیلئے خطوط لکھے گئے۔ تاہم گندم کی کی ترسیل، خرید و فروخت اور بین الصوبائی و بین الاضلاعی نقل و حمل کی مکمل اجازت ہے۔ چیک پوسٹوں پر تعینات عملہ اپنی زمہ داری کے مطابق گندم کی ترسیل کا ریکارڈ مرتب رکھے گا تاکہ یہ علم ہو سکے کہ کس ضلع اور صوبے میں کتنی گندم بھجوائی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ دیگر اجناس کی طرح گندم کا ریکارڈ رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ بعدازاں مخصوص عناصر مارکیٹ میں مصنوعی شارٹیج کا تاثر پیدا نہ کر سکیں۔  پنجاب میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے اور پنجاب پاکستان کی فوڈ باسکٹ ہونے کے ناطے دیگر صوبوں کی غذائی ضروریات بھی پوری کرتا ہے۔ اسی ضمن میں ضرورت کے مطابق گندم بھی دیگر صوبوں کو بلا روک ٹوک بھجوائی جا رہی ہے۔