اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز نے لندن سے وطن واپسی کی تیاریاں شروع کر دیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب کی سیاسی صورتحال میں انتہائی کی تیزی آچکی ہے ، ایسے میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے بھی وطن واپسی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔
نجی ٹی وی "سماء نیوز" کے مطابق حمزہ شہباز لندن سے وطن واپس آرہے ہیں ، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے لندن میں جماعت کےقائد نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ حمزہ شہباز کو فیملی معاملات حل ہی وطن واپس جانے کا کہا گیا ہے اور وہ چند روز میں پاکستان موجود ہوں گے ۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ دے چکے ہیں جس پر وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے ان کا فیصلہ تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ادھر گورنر پنجاب بلیغ الرحمان پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ایڈوائس جاری کر چکے ہیں ۔
گورنر پنجاب کی جانب سے اعتماد کے ووٹ کے لیے 2 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ کے جواب میں سپیکر نے بھی 2 صفحات کی رولنگ جاری کردی ہے جس میں انہوں نے گورنر کی جانب سے اجلاس بلائے جانے کا عمل غیر آئینی قرار دیا ہے ۔