دیکھتے ہیں پہلے نہر کو کون پار کرتا ہے، 100 روپے کی شرط نے 2 طلبہ کی جان لے لی

دیکھتے ہیں پہلے نہر کو کون پار کرتا ہے، 100 روپے کی شرط نے 2 طلبہ کی جان لے لی
دیکھتے ہیں پہلے نہر کو کون پار کرتا ہے، 100 روپے کی شرط نے 2 طلبہ کی جان لے لی
سورس: WIkimedia Commons

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع  یمنا نگر میں ایک معمولی سی شرط دو معصوم جانوں کے ضیاع کا سبب بن گئی۔ نیوز 18 کے مطابق جمعہ کی دوپہر ایک سرکاری سکول کے 17 طلبہ مغربی یمنا نہر پر نہانے گئے تھے، جہاں آٹھویں جماعت کے دو طلبہ، لکی اور کرشنا، نے 100 روپے کی شرط لگائی کہ کون پہلے نہر کو پار کر سکتا ہے۔

یہ دونوں لڑکے نہر کی گہرائی اور طاقتور دھار سے بے خبر تھے۔ جونہی انہوں نے نہر میں چھلانگ لگائی، پانی کی تیز لہروں نے انہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بدقسمتی سے ان میں سے کوئی بھی تیرنا نہیں جانتا تھا، اور چند لمحوں میں ہی وہ پانی میں غائب ہو گئے۔

ان کے ساتھی طلبہ جو اس دل دہلا دینے والے منظر کے گواہ تھے، خوفزدہ ہو کر نہر سے باہر نکل آئے اور شور مچانا شروع کر دیا۔ مقامی لوگ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور پولیس کو اطلاع دی۔ جلد ہی غوطہ خوروں کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا تاہم تاحال دونوں لڑکوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

تحقیقات کرنے والے افسر راجیش کمار کے مطابق، طلبہ کی تلاش کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے نہر کے کنارے سے بچوں کے کپڑے اور دیگر سامان برآمد کر لیا ہے اور ان کے اہلِ خانہ کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ کمار کا کہنا تھا کہ تمام بچے نہا رہے تھے جب یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا، اور ریسکیو ٹیم پوری کوشش کر رہی ہے کہ گمشدہ طلبہ کو تلاش کیا جا سکے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -