پنجاب کے لوگ عقلمند ہیں، بانی پی ٹی آئی یہاں مقبول نہیں: عظمیٰ بخاری
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے لوگ عقلمند ہیں، کارکردگی پر توجہ دیتے ہیں، بانی پی ٹی آئی پنجاب میں مقبول نہیں۔ اسلام آباد کے جلسے میں صرف خیبرپختونخوا کے لوگ آئے، یہ لوگ ملک توڑنے کی بات کرتے ہیں اور اداروں کو دھمکیاں دیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ خیبر پختوانخوا والے6 ماہ سے صرف جلسے جلوس کھیل رہے ہیں، ان کا صوبہ ہزار ارب روپے کا مقروض ہے، جھوٹے بیانیے بنا کر یہ کب تک عوام کو دھوکہ دے سکتے ہیں۔ یہ بدتمیز اور بد تہذیب لوگ ہیں، سلمان اکرم راجہ پڑھے لکھے ضرور ہیں لیکن ان کا لہجہ بھی پی ٹی ئی کے دوسرے لوگوں جیسا ہے۔ کوئی شخص بانی پی ٹی آئی یا علی امین گنڈاپور کی طرح بات نہ کرے تو وہ پی ٹی آئی میں رہ ہی نہیں سکتا۔
وزیراطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا گیا ہے، ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو اسی صوبے کی خدمت کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے، ایک صوبے کے وزیراعلٰی کو دوسرے صوبے پر یلغار کرنے کا مینڈیٹ نہیں ملا۔