سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کا کیس سماعت کےلئے مقرر
اسلام آباد(آئی این پی)عدالت عظمی کا فل کورٹ مخصوص نشستوں کے حوالے سے سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر 24 جون کو سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں فل کورٹ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے اپیل پر 24 جون کو سماعت کرے گا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس امین الدین بینچ کا حصہ ہونگے۔ جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی بینچ کا حصہ ہوں گے جبکہ جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سادات خان اور جسٹس نعیم اختر افغان بھی بینچ میں شامل ہیں۔سنی اتحاد کونسل نے پشاورہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ عدالت نے 24 اور 25 جون کو دو دن کیس سن کر سماعت مکمل کرنے کا عندیہ دے رکھا ہے۔ دونوں دن کیس کی سماعت صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوگی۔واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے مخصوص سیٹوں پر الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کیا تھا، جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس میں کہا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن اور ہائیکورٹ کے فیصلوں کومعطل کررہے ہیں ، فیصلوں کی معطلی صرف اضافی سیٹوں کو دینےکی حدتک ہوگی، عوام نے جوووٹ دیااس مینڈیٹ کی درست نمائندگی پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے۔
سنی اتحاد کونسل