پاکستان قونصلیٹ جدہ میں یوم پاکستان کی پُر وقار تقریب کا انعقاد ،کمیونٹی کی شرکت

پاکستان قونصلیٹ جدہ میں یوم پاکستان کی پُر وقار تقریب کا انعقاد ،کمیونٹی کی ...
پاکستان قونصلیٹ جدہ میں یوم پاکستان کی پُر وقار تقریب کا انعقاد ،کمیونٹی کی شرکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ (محمد اکرم اسد) یوم پاکستان پوری دنیا کی طرح سعودی عرب میں بھی پورے جوش و ولولے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس سلسلہ میں پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ میں یوم پاکستان کے سلسلے میں  ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز قونصلیٹ جنرل کی عمارت پر قونصل جنرل خالد مجید نے او آئی سی-سائینس و ٹیکنالوجی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل آفتاب احمد کھوکھر اور قونصل خانہ کے دیگر افسران و کمیونٹی ارکان کے ساتھ مل کر قومی پرچم لہرا کر کیا، اس موقع پر پس منظر میں قومی ترانہ بجایا گیا جس نے شرکاء کے دلوں میں وطن سے محبت کا جذبہ مزید اجاگر کر دیا۔  
تقریب میں پاکستان کے صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے، جن میں پاکستان کی ترقی، استحکام اور روشن مستقبل کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے خطاب کرتے ہوئے یوم پاکستان کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخ میں گہری جڑیں رکھتے ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔  
تقریب کے دوران وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے شہداء کی قربانیوں کو پاکستان کی بقا اور استحکام کا ضامن قرار دیا اور ان کے جذبۂ قربانی کو سلام پیش کیا۔  
پاکستانی کمیونٹی کے شرکاء نے بھی اس موقع پر اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ یوم پاکستان کی اس شاندار تقریب نے حب الوطنی کے جذبات کو مزید تازہ کر دیا اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے ایک نیا عزم پیدا کیا۔