ٹرمپ کی سابق بہو کے معروف کھلاڑی کے ساتھ تعلقات کی تصدیق

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف گولفر ٹائیگر ووڈز نے اعلان کیا ہے کہ وہ وینیسا ٹرمپ کے ساتھ تعلق میں ہیں، جو کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بہو رہ چکی ہیں۔ وینیسا کی عمر 47 سال ہے اور وہ 13 سال تک ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی اہلیہ رہیں۔ دونوں کے پانچ بچے ہیں اور 2018 میں ان کی طلاق ہو گئی تھی۔
بی بی سی کے مطابق 49 سالہ کھلاڑی ٹائیگر ووڈز نے سوشل میڈیا پر وینیسا کے ساتھ اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا "محبت فضا میں ہے اور زندگی تمہارے ساتھ بہتر ہے! ہم اپنی زندگی کے اس سفر کے منتظر ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر وہ اور ان کے قریبی افراد پرائیویسی کی قدر کریں گے۔
یہ واضح نہیں کہ اس اعلان کے پیچھے کیا وجوہات ہیں لیکن حالیہ ہفتوں میں ان کے تعلقات کے بارے میں مختلف گپ شپ میگزینز میں خبریں گردش کر رہی تھیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق، ٹائیگر ووڈز کے بچے اور وینیسا ٹرمپ کے بچے ایک ہی اسکول میں زیر تعلیم ہیں۔ وینیسا، جو کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے سب سے بڑے بیٹے کی سابق اہلیہ ہیں، ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں اکثر سرکاری تقریبات میں شرکت کرتی رہی ہیں۔ ٹائیگر ووڈز کئی مواقع پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ گولف کھیل چکے ہیں، جن میں گزشتہ ماہ کا ایک کھیل بھی شامل ہے۔ ٹرمپ کو گولف سے خاص لگاؤ ہے اور ان کے پاس درجنوں گولف کورسز موجود ہیں۔
فروری میں ووڈز نے وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ اور پروفیشنل گالف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی، جہاں سعودی عرب کی حمایت یافتہ ایل آئی وی گالف لیگ اور پی جی اے کے درمیان کشیدگی پر بات چیت ہوئی۔ ووڈز نے اس موقع پر صدارتی میڈل آف فریڈم پہنا ہوا تھا، جو 2019 میں ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں انہیں عطا کیا گیا تھا۔