وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سرکاری ہسپتالوں کے واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سرکاری ہسپتالوں کے واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری ہسپتالوں کے واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دے دیا اور فری میڈیسن کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں میو ہسپتال کے انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہرسرکاری ہسپتال میں میڈیسن لسٹ آویزاں کرنے کا حکم دیا اور میڈیسن لسٹ کے لئے الیکٹرانک بورڈ نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولت کے لیے مریم نواز شکایات کاؤنٹر فعال، نمایاں کرنے اوراوپن ویٹنگ ایریا میں مسٹ فین مہیا کرنے کا حکم بھی دے دیا۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مریضوں کو کال کرکے فیڈ بیک بھی لیا جائے گا۔ انہوں نے ویٹنگ روم میں کرسیاں اور بینچ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے روزانہ کی بنیاد پر ہسپتالوں کا وزٹ کرنے اور چیک لسٹ رپورٹ تیار کرنے کا حکم بھی دیا۔ ہسپتالوں کی حقیقی صورتحال جاننے کے لیے ایک سے زائد ادارے چیک لسٹ تیار کریں گے۔ چیک لسٹ میں ڈاکٹر، سٹاف کی حاضری، فری ادویات، لیب ٹیسٹ، بائیو میڈیکل ایکیوپمنٹ شامل ہونگے۔
وزیراعلیٰ مریم نوا نے ہسپتالوں میں آپریشن اور ٹیسٹوں کے لئے ویٹنگ لسٹ کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ پارکنگ، کیفے ٹیریا اور وہیل چیئر کی دستیابی کی صورتحال بھی روزانہ چیک ہوگی۔ اجلاس میں ہسپتالوں میں انفکشن کا سبب بننے والے بوسیدہ پردے ہٹا کر بلائینڈر لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ سرکاری ہسپتالوں کی لیب کی کوالٹی آڈٹ پر اتفاق کیا گیا جس کے لئے ہیلتھ کئیر کمیشن کو ٹاسک دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے میڈیکل سٹی پراجیکٹ کا پلان بھی طلب کر لیا ہے۔