اسد الدین اویسی نے بھارتی پارلیمنٹ میں حلف لیتے ہوئے ’جے فلسطین‘ کا نعرہ لگادیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والے بھارتی لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے حلف لیتے ہوئے ’جے فلسطین‘ کا نعرہ لگادیا۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلیمن کے صدر نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے 18ویں لوک سبھا کا ممبر منتخب ہونے کے بعد رکن پارلیمنٹ کا حلف لیا۔ حلف لیتے ہوئے اسدالدین اویسی نے جے فلسطین یعنی فلسطین زندہ باد کا نعرہ بلند کیا۔ بعدازاں اویسی نے اپنی حلف برداری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی اور ساتھ میں یہ بھی لکھا کہ وہ پورے خلوص کے ساتھ بھارت کے پسے ہوئے طبقے کے مسائل کو اجاگر کرتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ جیسے ہی اسدالدین اویسی نے حلف لینا شروع کیا تو اس دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے ہندو مذہب سے متعلق نعرے بلند کرنا شروع کردیے تھے۔اسی طرح جب جے فلسطین کا نعرہ بلند کرنے پر تنازع کھڑا ہوا تو اویسی کا کہنا تھا کہ بھارتی آئین انہیں جے فلسطین کا نعرہ لگانے سے نہیں روکتا۔ خیال رہے کہ اسدالدین اویسی نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی امیدوار مادھوی لاٹھا کو سوا تین لاکھ سے زائد وٹوں سے شکست دی تھی۔