تحریک انصاف عدل کا نظام لانے کی جدوجہد کر رہی ہے،راشد حفیظ
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک میں انصاف اور عدل کا نظام لانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ عوام کا استحصال کرنے والے فرسودہ نظام کوبہتر بنانے میں اسے مزاحمت کا سامنا ہے جس کا ثابت قدمی کے ساتھ مقابلہ کرنا پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی آزمائش ہے۔اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان پورے عزم اور یقین کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور آنے والے دن عوام کے لئے خوشی اور سہولت کا باعث ہونگے۔انہوں نے یہ بات پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کے حوالے سے کارکنوں کے نام جاری ایک پیغام میں کہی۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ اپوزیشن راہنماء جن مسائل کے تذکرے کرتے ہیں وہ خود ان ہی کے پیدا کردہ ہیں۔
یہ کاروباری لوگ ہیں جو اقتدار میں رہ کر قانون کو پاؤں میں روندتے رہے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اپنے کاروباری فوائد حاصل کرتے رہے جن کا اقتدار سے باہر رہ کر تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملوں کی اکثریت کے مالک یہی لوگ ہیں جو ایک جانب کسانوں کا استحصال کرتے اور دوسری جانب ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی کرکے عوام الناس پر مہنگائی کا بوجھ لادتے رہے۔ یہ ایسے ہی ارب پتی نہیں بن گئے۔ انہو ں نے کہا کہ مہنگائی کے حوالے سے عوام الناس کو آج جو مشکلات درپیش ہیں وہ ان ہی تجارت پیشہ سیاستدانوں کی وجہ سے ہیں جو ماضی میں ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے کے اعلانات کرتے تھکتے نہیں تھے مگر آج اپنے مفادات کے تحفظ اور کرپشن کے ذریعے کمائی دولت کے بچاؤ کے مشترکہ ایجنڈے کے تحت ایک جگہ جمع ہیں۔راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ کرپشن، لوٹ مار اور عوام کا استحصال کرنے والے مہرے ایک جگہ جمع ہو کر حکومت کو بلیک میل کرنے کی اپنی سی تمام کوششیں کر چکے ہیں مگر ہماری لیڈر شپ کے پائے استقلال میں ذرہ برابر بھی لغزش نہیں آئی۔ یہی وہ عزم اور حوصلہ ہے جس کے ذریعے ملک میں انصاف اور عدل کا نظام غالب آئیگا اور اس کیلئے ہم سب کو مل کر اپنی لیڈر شپ کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ استحصالی نظام کے پروردہ عناصر حکومت کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کوششوں میں عوام الناس کو مہنگائی اور دیگر مسائل سے دوچار کرکے ان کے اندر حکومت مخالف جذبات کو بڑھانا بھی شامل ہے مگر اب پاکستان کے عوام اچھی طرح جان چکے ہیں کہ کرپٹ اور فرسودہ نظام کو ختم کرنے کیلئے درپیش مشکلات عارضی ہیں۔ عوام کو تحریک انصاف مایوس نہیں کرے گی اور ملک میں انصاف، عدل اور قانون کی بالادستی کا نظام رائج ہو کر رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلا رمضان المبارک ہے جس میں حکومت کی موثر حکمت عملی کی وجہ سے گراں فروش مافیا ناکام ہوا اور پھل اور سبزیاں عوام الناس کو سستے داموں میسر ہیں۔ اسی طرح عوام کو درپیش دیگر مسائل بھی حل ہونگے۔دریں اثناء راجہ راشد حفیظ معروف صحافی سلیم صافی کی والدہ محترمہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیلئے ان کے گھر گئے اور مرحومہ کی مغفرت و بخشش کے لئے فاتحہ خوانی کی۔