لاہور پولو کلب سپر لیگ کا فائنل میچ کل کھیلا جائے گا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایکوسٹار لاہور پولو کلب سپر لیگ 2025ء کا فائنل کل سہ پہرچار بجے ریمنگٹن فارما اور آئی ایس پولو /ماسٹر نائٹس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق لاہورپولو کلب میں لیگ کے پہلے مرحلے کے میچز کے بعد دو ٹیمیں فائنل کیلئے کوالیفائی کرگئیں۔ پول اے سے آئی ایس /ماسٹر نائٹس کی ٹیم نے چار میچ کھیلے اور چاروں جیتے اور مین فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ آئی ایس /ماسٹر نائٹس کی ٹیم میں صوفی محمد ہاشم، ابراہیم سلطان، بلال حیات نون اور راجہ تیمور ندیم شامل ہیں۔ پول بی سے ریمنگٹن فارما کی ٹیم نے چاروں میچ جیتے اور فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ ٹیم میں ابراہیم خان، ڈاکٹر فیصل قدیر کھوکھر، میر حذیفہ احمد اور حمزہ مواز خان شامل ہیں۔ فائنل کے مہمان خصوصی ایکو سٹار کے جنرل مینجر سیلز نعیم بشیر ہوں گے۔ فائنل سے قبل دوسری تیسری پوزیشن کا میچ ایکوسٹار پولو ٹیم اور نیوایج کیبلز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پول اے میں ایکوسٹار پولو ٹیم نے چار میں سے تین میچ جیتے جبکہ پول بی سے نیوایج کیبلز کی ٹیم نے تین میچ جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ایکوسٹار پولو کی ٹیم میں ذکریا داؤد علی خان، فیصل خان، احمد بلال ریاض اور ممتاز عباس نیازی جبکہ نیوایج کیبلز کی ٹیم میں ابراہیم صدیقی، عدنان جلیل اعظم، عبدالرحمن منوں اور احمد علی ٹوانہ شامل ہیں۔