پڑوسی پر اندھا اعتماد، خاتون نے اسے گھر کی چابیاں بھی دے دیں، لیکن پھر ایسا شرمناک انکشاف کہ پیروں تلے زمین نکل گئی

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانیہ میں ایک خاتون نے اپنے ہمسائے کو 15 سالوں تک اپنا قریبی دوست سمجھا اور اس پر اتنا بھروسہ کیا کہ اسے اپنے گھر کی چابیاں دے دیں تاکہ وہ ان کے پالتو جانوروں کی دیکھ بھال کر سکے۔ اس کا ہمسایہ 56 سالہ پیٹ ٹاملنسن کمیونٹی میں مقبول تھا اور لوگوں کو بتایا کرتا تھا کہ وہ ایک کم عمر لڑکی کے ساتھ تعلق کے الزام میں قید کاٹ چکا ہے، حالانکہ وہ اسے بالغ سمجھتا تھا۔ اس کے اس ماضی کی وجہ سے لوگ اس سے ہمدردی رکھتے تھے اور اسے معمولی کاموں کے لیے نوکریاں دیتے تھے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق یہ ماں اس پر اتنا اعتماد کرتی تھی کہ اس کے بچوں ( 10 اور 11 سال) کو بھی اس کے بچوں کے ساتھ کھیلنے کی اجازت دیتی تھی۔ مگر جب اسے گھر سے رقم غائب ہونے کا شک ہوا تو اس نے اپنے گھر میں نگرانی کے لیے کیمرے لگوائے، جس کا کام بھی اسی ہمسائے نے کیا۔ کچھ وقت بعد جب کیمروں کی ایپلیکیشن نے صحیح کام کرنا بند کر دیا، تو اس نے ریکارڈنگ چیک کی اور یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ پیٹ کیمروں کے ذریعے انہیں دیکھ رہا تھا۔ اس نے فوراً اپنے بچوں کو خبردار کیا کہ وہ گھر میں محتاط رہیں۔
مزید شک ہونے پر اس ماں نے خفیہ کیمرے لگائے اور خود ہوٹل میں جا کر لائیو فیڈ دیکھی جہاں اسے معلوم ہوا کہ پیٹ نہ صرف کیمرے بند کر رہا تھا بلکہ ان کے ایس ڈی کارڈ بھی نکال رہا تھا۔ بعد میں پولیس نے اس کے پاس سے آٹھ مہینوں کی ریکارڈنگز برآمد کیں جس میں 2025 ویڈیوز اور تصاویر تھیں، جن میں یہ ماں برہنہ، جزوی کپڑوں میں یا بیت الخلا پر بیٹھی نظر آ رہی تھی۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ پیٹ نے اپنے ماضی کے بارے میں جھوٹ بولا تھا۔ درحقیقت وہ 2003 میں اپنی 8 سالہ بیٹی کے جنسی استحصال کے جرم میں قید کاٹ چکا تھا۔ عدالت میں اس نے غیر قانونی طریقے سے کمپیوٹر تک رسائی کے جرم کا اعتراف کیا، جسے بعد میں جاسوسی کے الزام سے بدلا گیا۔ اسے 16 ماہ کی قید کی سزا سنائی گئی جو دو سال کے لیے معطل کر دی گئی، یعنی وہ جیل نہیں گیا۔ ساتھ ہی اسے 40 بحالی سیشنز میں شرکت اور متاثرہ خاتون سے 10 سال تک دور رہنے کا حکم دیا گیا، لیکن اس کے باوجود وہ اسی علاقے میں ایک ہوسٹل میں رہ رہا ہے، جو اس کے شکار کے لیے مزید خوف کی وجہ بن رہا ہے۔