وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر افسران متحرک، کمشنر ، ڈی جی ایل ڈی، ایم ڈی واسا کے شہر بھر کے دورے
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر واسا لاہور شہر بھرمیں متحرک رہی۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود، ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا ایم ڈی واسا غفران احمد کے ہمراہ شہر بھر کے دورے کیے۔ نشیبی علاقوں قرطبہ چوک،لکشمی چوک سمیت شہر بھر کی اہم شاہراہوں اور شہر بھر کے مختلف انڈر پاسز کا معائنہ کیا۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود نے شہر بھر کی تمام شاہراہوں سے تمام سائیڈ پونڈنگ پوائنٹس کو فوری کلیئر کرنے اور نشیبی علاقوں میں پانی کی فوری نکاسی کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایات کیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ تمام ہیوی مشینری اور آلات کو چیک کریں اور انہیں سٹینڈ بائی پر رکھیں۔عوام کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایات بھی کیں۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے مون سون کیمپس پر تیاریوں کو سراہا۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے مزید بارشوں سے قبل تمام ڈسپوزل اسٹیشن کی سکرینوں کو صاف رکھنے کی ہدایات دیں۔